کتاب 40: باب الرُّخْصَةِ فِي الْمَطَرِ وَالْعِلَّةِ أَنْ يُصَلِّيَ فِي رَحْلِهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 666
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے روایت کی کہ حضرت ابن عمرؓ نے ایک سردی اور آندھی والی رات میں نماز کے لیے اذان دی۔ پھر انہوں نے کہا: اپنے اپنے ٹھکانوں میں ہی نماز پڑھ لو۔ اور انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ جب سردی اور بارش والی رات ہوتی تو مؤذن سے فرمایا کرتے اور وہ کہتا: اپنے اپنے ٹھکانوں میں نماز پڑھ لو۔
صحیح بخاری 667
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے محمود بن ربیع انصاری سے روایت کی کہ حضرت عتبان بن مالکؓ اپنی قوم کی امامت کیا کرتے تھے اور وہ نابینا تھے اور یہ کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے کہا: یا رسول اللہ ! اندھیرا اور سیلاب ہوتا ہے اور میں نابینا ہوں۔ اس لئے یا رسول اللہ میرے گھر میں نماز پڑھئے۔ جسے میں نماز گاہ بناؤں۔ اس پر رسول اللہ ﷺ ان کے پاس تشریف لائے اور پوچھا تم کہاں پسند کرتے ہو کہ میں نماز پڑھوں؟ تو انہوں نے گھر میں ایک طرف اشارہ کیا اور رسول اللہ ﷺ نے (اس جگہ) نماز پڑھی۔