کتاب 41: باب هَلْ يُصَلِّي الإِمَامُ بِمَنْ حَضَرَ وَهَلْ يَخْطُبُ يَوْمَ الْجُمُعَةِ فِي الْمَطَرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 668
وَعَنْ حَمَّادٍ عَنْ عَاصِمٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ الْحَارِثِ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ نَحْوَهُ غَيْرَ أَنَّهُ قَالَ كَرِهْتُ أَنْ أُؤَثِّمَكُمْ فَتَجِيئُونَ تَدُوسُونَ الطِّينَ إِلَى رُكَبِكُمْ.
عبداللہ بن عبدالوھاب نے ہم سے بیان کیا، کہا: حماد بن زید نے ہمیں بتایا، کہا: عبدالحمید صاحب زیادی نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے عبداللہ بن حارث سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ حضرت ابن عباسؓ ایک بارش اور کیچڑ والے دن میں ہم سے مخاطب ہوئے اور مؤذن کو جب وہ حَیَّ عَلَی الصَّلٰوۃ پر پہنچا، کہا: کہو نماز اپنی اپنی جگہ پر پڑھی جائے۔ اس پر انہوں نے ایک دوسرے کو دیکھا، جیسے کہ اسے انوکھا خیال کیا تو انہوں نے کہا: یوں معلوم ہوتا ہے کہ تم اسے انوکھا سمجھتے ہو۔ یہ تو انہوں نے بھی کہا تھا جو مجھ سے بہتر ہیں۔ یعنی نبی ﷺ نے۔ جمعہ واجب ہے مگر میں نے ناپسند کیا کہ میں تم کو تکلیف میں ڈالوں۔ نیز حماد نے عاصم سے، عاصم نے عبداللہ بن حارث سے اور عبداللہ بن حارث نے حضرت ابن عباسؓ سے اس طرح بیان کیا۔ سوائے اس کے کہ انہوں نے یہ کہا کہ میں نے ناپسند کیا کہ تم گنہگار ٹھہرو اور تم کیچڑ اپنے گھٹنوں تک ساندتے ہوئے آئو۔
صحیح بخاری 669
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے پوچھا: تو انہوں نے کہا کہ ایک ابر کا ٹکڑا آیا اور وہ برسا یہاں تک چھت بہنے لگی اور وہ کھجوروں کی ٹہنیوں کی تھی۔ نماز کے لئے تکبیر اقامت ہوئی اور میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ پانی اور کیچڑ میں سجدہ کرتے۔ یہاں تک کہ میں نے آپؐ کی پیشانی میں کیچڑ کا نشان دیکھا۔
صحیح بخاری 670
آدم نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا، کہا: انس بن سیرین نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت انسؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ انصار میں سے ایک آدمی نے کہا کہ میں آپؐ کے ساتھ نماز نہیں پڑھ سکتا اور وہ شخص بھاری بھرکم تھا۔ تو اس نے نبی ﷺ کے لئے کھانا تیار کیا اور آپؐ کو اپنے گھر بلایا اور آپؐ کے لئے ایک چٹائی بچھا دی اور چٹائی کا ایک حصہ دھویا تو آپؐ نے اس پر دو رکعتیں پڑھیں۔ آل جارود میں سے ایک آدمی نے حضرت انسؓ سے پوچھا: کیا نبی ﷺ چاشت کی نماز پڑھا کرتے تھے؟ تو انہوں نے کہا: میں نے آپؐ کو اسی دن پڑھتے ہوئے دیکھا۔