کتاب 48: باب مَنْ دَخَلَ لِيَؤُمَّ النَّاسَ فَجَاءَ الإِمَامُ الأَوَّلُ فَتَأَخَّرَ الأَوَّلُ أَوْ لَمْ يَتَأَخَّرْ جَازَتْ صَلاَتُهُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 684
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حازم بن دینار سے، ابو حازم نے سہل بن سعد ساعدی سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ بنو عمرو بن عوف کے پاس گئے تا ان کے درمیان صلح کرادیں۔ اتنے میں نماز کا وقت آگیا اور مؤذن حضرت ابوبکرؓ کے پاس آیا اور اس نے کہا: کیا آپؓ لوگوں کو نماز پڑھائیں گے؟ میں تکبیرِ اقامت کہوں۔ انہوں نے کہا: ہاں۔ پھر حضرت ابوبکرؓ نے نماز پڑھائی اور رسول اللہ ﷺ تشریف لائے اور ابھی لوگ نماز میں ہی تھے کہ آپؐ صفوں میں سے ہوتے ہوئے (پہلی) صف میں جا کھڑے ہوئے۔ لوگوں نے تالی بجائی اور حضرت ابوبکرؓ اپنی نماز میں اِدھر اُدھر دھیان نہیں کیا کرتے تھے۔ جب لوگوں نے کثرت سے تالیاں بجائیں وہ مڑے اور رسول اللہ ﷺ کو دیکھا تو رسول اللہ ﷺ نے ان کی طرف اشارہ کیا کہ اپنی جگہ پر کھڑے رہیں۔ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے اپنے دونوں ہاتھ اٹھائے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے آپؐ سے یہ فرمایا۔ پھر حضرت ابوبکرؓ آہستہ سے پیچھے ہٹے، یہاں تک کہ پہلی صف میں جا کھڑے ہوئے اور رسول اللہ ﷺ آگے بڑھے اور آپؐ نے نماز پڑھائی۔ پس جب آپؐ نماز سے فارغ ہوکر مڑے تو آپؐ نے فرمایا: ابوبکرؓ جب میں نے تمہیں حکم دیا تھا تو تمہیں اپنی جگہ ٹھہرا رہنے سے کس بات نے روکا؟ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: ابو قحافہ کے بیٹے کو شایاں نہ تھا کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے آگے کھڑا ہوکر نماز پڑھے۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے (لوگوں سے) فرمایا: کس لئے تم نے بہت تالیاں بجائیں؟ جس شخص کو اس کی نماز میں کوئی بات پیش آئے تو چاہیے کہ وہ سُبْحَانَ اللّٰہِ کہے۔ کیونکہ جب وہ سُبْحَانَ اللّٰہِ کہے گا تو اس کی طرف توجہ کی جائے گی۔ تالی بجانا تو عورتوں کے لئے ہے۔