کتاب 63: باب مَنْ شَكَا إِمَامَهُ إِذَا طَوَّلَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 704
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا ، (کہا:) سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل بن ابی خالد سے، اسماعیل نے قیس بن ابی حازم سے، قیس نے حضرت ابو مسعودؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک آدمی نے کہا: یا رسول اللہ! میں تو صبح کی نماز میں اس لئے پیچھے رہتا ہوں کہ فلاں اُسے لمبی کرکے ہم پر دو بھر کر دیتا ہے۔ تو رسول اللہ ﷺ کو اتنا غصہ آیا کہ میں نے آپؐ کو کسی نصیحت میں بھی اس دن سے بڑھ کر غصہ میں نہیں دیکھا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: اے لوگو! تم میں سے ایسے ہیں جو لوگوں کو نفرت دلاتے ہیں۔ پس جو شخص لوگوں کا امام بنے تو چاہیے کہ وہ نماز مختصر پڑھے۔ کیونکہ اس کے پیچھے کمزور، بوڑھے اور حاجت مند بھی ہوتے ہیں۔
صحیح بخاری 705
قَالَ أَبُو عَبْدِ اللَّهِ وَتَابَعَهُ سَعِيدُ بْنُ مَسْرُوقٍ وَمِسْعَرٌ وَالشَّيْبَانِيُّ. قَالَ عَمْرٌو وَعُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ مِقْسَمٍ وَأَبُو الزُّبَيْرِ عَنْ جَابِرٍ قَرَأَ مُعَاذٌ فِي الْعِشَاءِ بِالْبَقَرَةِ. وَتَابَعَهُ الأَعْمَشُ عَنْ مُحَارِبٍ.
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا ، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا ، کہا: محارب بن دثار نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہ انصاریؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ سامنے سے ایک آدمی پانی اُٹھانے والے دو اونٹ لئے آرہا تھا اور رات ہوچکی تھی اور اس نے اتفاق سے حضرت معاذؓ کو نماز پڑھتے پایا تو اُس نے اپنے اونٹ بٹھا دئے اور حضرت معاذؓ کی طرف چلا آیا۔ حضرت معاذؓ نے سورئہ بقرہ یا سورئہ نساء پڑھی تو وہ (نماز چھوڑ کر) چلا گیا۔ اسے خبر پہنچی کہ حضرت معاذؓ نے اس کو برا منایا ہے۔ تو وہ نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ کے پاس حضرت معاذؓ کی شکایت کی تو نبی ﷺ نے تین بار فرمایا: اے معاذؓ تم تو بہت ہی ابتلاء میں ڈالنے والے ہو۔ یا فرمایا: ابتلاء میں ڈالنے والے ہو۔ کیوں نہ تم نے سَبِّحِ اسْمَ رَبِّکَ الْاَعْلٰی، وَالشَّمْسِ وَضُحٰھَا، وَاللَّیْلِ اِذَا یَغْشٰی پڑھی۔ کیونکہ تمہارے پیچھے بوڑھے، کمزور اور حاجت مند بھی نماز پڑھ رہے ہوتے ہیں۔ (شعبہ کہتے ہیں:) میرا خیال ہے کہ یہ جملہ (فَاِنَّہٗ یُصَلِّیْ وَرَائَ کَ) حدیث میں (داخل) ہے۔
ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: اور (اس حدیث کے بیان کرنے میں) سعید بن مسروق، مسعر اور شیبانی نے اس کی (یعنی شعبہ کی) پیروی کی ہے اور عمرو اور عبیداللہ بن مقسم اور ابو الزبیر نے حضرت جابرؓ سے روایت کرتے ہوئے کہا کہ حضرت معاذؓ نے عشاء کی نماز میں (سورئہ) بقرہ پڑھی تھی اور شعبہ کی طرح اعمش نے بھی محارب سے روایت کرتے ہوئے یہ حدیث بیان کی ہے۔