کتاب 94: باب هَلْ يَلْتَفِتُ لأَمْرٍ يَنْزِلُ بِهِ أَوْ يَرَى شَيْئًا أَوْ بُصَاقًا فِي الْقِبْلَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 753
رَوَاهُ مُوسَى بْنُ عُقْبَةَ وَابْنُ أَبِي رَوَّادٍ عَنْ نَافِعٍ.
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا ، کہا: لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے قبلہ مسجد (کی دیوار) پر بلغم دیکھا اور آپؐ لوگوں کے آگے (کھڑے) نماز پڑھا رہے تھے۔ آپؐ نے اسے کھرچ ڈالا۔ پھر جب نماز پڑھ چکے تو آپؐ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی نماز میں ہوتا ہے تو اللہ کے سامنے ہوتا ہے۔ اس لئے نماز میں کوئی اپنے سامنے نہ تھوکے۔
یہ حدیث موسیٰ بن عقبہ اور (عبدالعزیز) بن ابی رواد نے نافع سے روایت کی ہے۔
صحیح بخاری 754
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا، کہا: لیث بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت انسؓ (بن مالک) نے مجھے بتایا۔ وہ کہتے تھے: اسی اثناء میں کہ مسلمان فجر کی نماز میں تھے، اچانک رسول اللہ ﷺ نے حضرت عائشہؓ کے حجرے کا پردہ اُٹھایا اور ان کی طرف دیکھا۔ وہ صفیں باندھے ہوئے تھے۔ آپؐ مسکرائے اور حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ اُلٹے پائوں پیچھے ہٹے تاآپؐ کے (آنے کی صورت) میں وہ صف میں جا ملیں، وہ سمجھے کہ آنحضرت ﷺ باہر آنا چاہتے ہیں اور مسلمان دورانِ نماز آزمائش میں پڑنے لگے کہ آپؐ نے انہیں اشارہ فرمایا کہ اپنی نماز پوری کرو اور آپؐ نے پردہ نیچے ڈال دیا اور اسی دن کے آخری وقت میں آپؐ نے وفات پائی۔