کتاب 95: باب وُجُوبِ الْقِرَاءَةِ لِلإِمَامِ وَالْمَأْمُومِ فِي الصَّلَوَاتِ كُلِّهَا فِي الْحَضَرِ وَالسَّفَرِ وَمَا يُجْهَرُ فِيهَا وَمَا يُخَافَتُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 755
موسیٰ نے ہم سے بیان کیا ، کہا : ابوعوانہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عبدالملک بن عمیر نے ہمیں بتایا کہ حضرت جابرؓ بن سمرہ سے مروی ہے۔ وہ کہتے تھے: کوفہ والوں نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے پاس حضرت سعدؓ کی شکایت کی تو انہوں نے ان کو معزول کردیا اور حضرت عمارؓ کو ان کا عامل (حاکم) مقرر کیا۔ کوفہ والوں نے حضرت سعدؓ کے متعلق شکایات میں یہ بھی کہا کہ وہ نماز بھی اچھی طرح نہیں پڑھاتے تو حضرت عمرؓ نے ان کو بلا بھیجا اور کہا: اے ابواسحاق ! یہ (لوگ) تو کہتے ہیں کہ آپؓ اچھی طرح نماز بھی نہیں پڑھاتے۔ ابواسحاق نے کہا: میں تو بخدا انہیں رسول اللہ ﷺ کی نماز پڑھایا کرتا تھا۔ اس میں ذرہ بھی کم نہیں کرتا تھا۔ عشاء کی نماز پڑھاتا تو پہلی دو رکعتیں لمبی اور پچھلی دو رکعتیں ہلکی پڑھتا تھا۔ تب حضرت عمرؓ نے کہا: ابواسحاق ! آپؓ کے متعلق یہی خیال تھا۔ پھر حضرت عمرؓ نے ان کے ساتھ ایک آدمی یا چند آدمی کوفہ روانہ کئے تا ان کے بارے میں کوفہ والوں سے پوچھیں۔ انہوں نے کوئی مسجد بھی نہ چھوڑی جہاں حضرت سعدؓ کے متعلق نہ پوچھا ہو اور لوگ (ان کی) اچھی تعریف کرتے تھے۔ آخر وہ قبیلہ بنی عبس کی مسجد میں گئے۔ ان میں سے ایک آدمی کھڑا ہوا۔ اسے اسامہ بن قتادہ کہتے تھے اور ابوسعدہ اس کی کنیت تھی۔ اس نے کہا: چونکہ تم نے ہمیں قسم دی ہے۔ اس لئے اصل بات یہ ہے کہ سعدؓ فوج کے ساتھ نہیں جایا کرتے تھے اور نہ برابر تقسیم کرتے تھے اور نہ فیصلہ میں انصاف کرتے تھے۔ حضرت سعدؓ نے کہا: دیکھو اللہ کی قسم! میں تین دعائیں کرتا ہوں۔ اے میرے اللہ ! اگر تیرا یہ بندہ جھوٹا ہے اور ریاء اور شہرت کی غرض سے کھڑا ہوا ہے تو اس کی عمر لمبی کر اور اس کی محتاجی کو بڑھا اور اسے مصیبتوں کا تختہ مشق بنا۔ اس کے بعد جب کوئی اس کا حال پوچھتا تو وہ کہتا پیر فرتوت ہوں۔ مصیبت زدہ ہوں۔ حضرت سعدؓ کی بددعا مجھے لگ گئی۔ عبدالملک کہتے تھے: میں نے اس کے بعد اسے دیکھا ہے کہ حالت یہ تھی کہ بڑھاپے کی وجہ سے اس کی بھویں اس کی دونوں آنکھوں پر آپڑ ی تھیں اور تعجب ہے کہ وہ راستوں میں چھوکریوں کو چھیڑتا اور چشمک کرتا۔
صحیح بخاری 756
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا ، کہا: سفیان نے ہم سے بیان کیا ، کہا: زُہری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت محمودؓ بن ربیع سے ، حضرت محمودؓ نے حضرت عبادہ بن صامتؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس شخص کی نماز نہیں جس نے سورہ فاتحہ نہ پڑھی۔
صحیح بخاری 757
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا ، کہا : یحيٰ نے ہمیں بتایا کہ عبیداللہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا : سعید بن ابی سعید نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ مسجد میں تشریف لائے۔ اتنے میں ایک شخص آیا اور اس نے نماز پڑھی۔ پھر اس نے نبی ﷺ کو سلام کیا۔ آپؐ نے سلام کا جواب دیا اور فرمایا: واپس جاؤ اور نماز پڑھو۔ کیونکہ تم نے نماز نہیں پڑھی۔ چنانچہ وہ لوٹ گیا۔ پھر اس نے اسی طرح ہی نماز پڑھی جس طرح (پہلے) پڑھی تھی۔ پھر وہ آیا اور اس نے نبی ﷺ کو سلام کیا۔ آپؐ نے فرمایا: واپس جاؤ اور نماز پڑھو۔ کیونکہ تم نے نماز نہیں پڑھی۔ آپؐ نے تین بار ایسا ہی فرمایا۔ اس نے کہا: اس ذات کی قسم ہے جس نے آپؐ کو حق کے ساتھ مبعوث فرمایا ہے۔ میں اس سے اچھی نماز نہیں پڑھ سکتا۔ اس لئے آپؐ مجھے سکھائیں۔ آپؐ نے فرمایا: جب نماز کے لئے کھڑے ہو تو اَللّٰہُ اَکْبَرُ کہو۔ پھر قرآن میں سے جو میسر ہو، پڑھو۔ پھر رکوع کرو۔ یہاں تک کہ رکوع میں تمہیں اطمینان ہو جائے۔ پھر سر اٹھائو۔ یہاں تک کہ اطمینان سے کھڑے ہو جاؤ۔ پھر سجدہ کرو۔ یہاں تک کہ سجدہ میں تمہیں اطمینان ہو جائے۔ پھر سر اٹھائو۔ یہاں تک کہ اطمینان سے بیٹھ جاؤ۔ الغرض اپنی ساری نماز میں اسی طرح کرو۔
صحیح بخاری 758
ابونعمان نے ہم سے بیان کیا، (کہا :) ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالملک بن عُمیر سے، عبدالملک نے حضرت جابرؓ بن سمرہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت سعدؓ کہتے تھے: میں انہیں رسول اللہ ﷺ کی نماز کی طرح ہی ظہر اور عصر کی نماز پڑھایا کرتا تھا۔ میں آپؐ کی نماز سے ذرہ بھی فرق نہیں کرتا تھا۔ پہلی دو رکعتوں کو لمبی کرتا اور پچھلی دو رکعتوں کو ہلکی۔ تو حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: میرا آپؐ کے متعلق یہی خیال ہے۔