کتاب 104: باب الْقِرَاءَةِ فِي الْفَجْرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 771
آدم نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہم سے شعبہ نے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیار بن سلامہ نے ہمیں بتایا، کہا: میں اور میرے والد حضرت ابوبرزہ اسلمیؓ کے پاس گئے اور ہم نے ان سے نمازوں کے اوقات پوچھے تو انہوں نے کہا: نبی ﷺ ظہر سورج ڈھلنے پر پڑھا کرتے تھے اور نماز عصر ایسے وقت پڑھتے کہ آدمی (نماز پڑھ کر) شہر کے آخری حصہ میں واپس چلا جاتا اور سورج ابھی روشن ہوتا اور مغرب کا وقت جو انہوں نے بتایا تھا میں بھول گیا اور آپؐ عشاء کے لئے ایک تہائی رات تک دیر کرنے میں پرواہ نہ کرتے۔ اس سے پہلے سونا اور اس کے بعد باتیں کرنا پسند نہ فرماتے اور صبح کی نماز (ایسے وقت) پڑھتے کہ آدمی (نماز سے) فارغ ہوکر اپنے پاس بیٹھنے والوں کو پہچان لیتا اور صبح کی دونوں رکعتوں میں یا ایک رکعت میں ساٹھ آیتوں سے لے کر سو آیات تک پڑھا کرتے تھے۔
صحیح بخاری 772
مسدد نے ہم سے بیان کیا ، کہا : اسماعیل بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابن جریج نے ہمیں بتایا ، کہا: عطاء نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ہر نماز میں قرآن پڑھا جائے۔ رسول اللہ ﷺ نے جو کچھ ہمیں سنایا، ہم نے وہ تم کو سنایا اور جو آپؐ نے ہم سے نہیں فرمایا، ہم نے تم سے نہیں کہا۔ اگر تم امّ القرآن (سورہ فاتحہ) سے زائد نہ پڑھو تو وہی کافی ہے اور اگر زائد پڑھو تو بہتر ہے۔