کتاب 105: باب الْجَهْرِ بِقِرَاءَةِ صَلاَةِ الْفَجْرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 773
مسدد نے ہم سے بیان کیا ، کہا : ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبشر سے، ابوبشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ اپنے صحابہ کے ایک گروہ سمیت عکاظ منڈی کا قصد کرتے ہوئے چل پڑے جبکہ آسمان کی خبر اور شیطانوں کے درمیان روک ڈال دی گئی تھی اور ان پر شعلے چھوڑ دئیے گئے تھے۔ یہ شیطان اپنی قوم کی طرف لوٹ کر آئے تو لوگوں نے پوچھا: تمہیں کیا ہوا؟ انہوں نے جواب دیا۔ ہمارے اور آسمان کی خبر کے درمیان روک ڈال دی گئی ہے اور ہم پر شعلے پھینکے گئے ہیں۔ لوگوں نے کہا: ضرور کوئی نئی بات ہوئی ہے۔ جو تمہارے اور آسمان کی خبر کے درمیان روک ہوگئی ہے۔ اس لئے زمین کے مشرق اور مغرب میں پھر کر دیکھو کہ یہ کیا بات ہے جو تمہارے اور آسمان کی خبر کے درمیان روک ہے؟ چنانچہ وہ لوگ جو تہامہ کی طرف نکلے تھے؛ پھرتے پھراتے؛ نبی ﷺ کے پاس جبکہ آپؐ نخلہ (مقام) میں تھے؛ عکاظ منڈی کا قصد کرتے ہوئے آپہنچے۔ آپؐ اپنے صحابہ کو صبح کی نماز پڑھا رہے تھے۔ جب ان لوگوں نے قرآن سنا تو اس کو غور سے سننے لگے اور کہنے لگے: اللہ کی قسم! یہ ہے وہ جو تمہارے اور آسمان کی خبر کے درمیان روک ہے۔ پس اس موقع پر جبکہ وہ اپنی قوم کے پاس لوٹ کر گئے تھے۔ انہوں نے کہا: اے ہماری قوم! ہم نے تو عجیب قرآن سنا ہے۔ جو بھلائی کی طرف ہماری راہنمائی کرتا ہے۔ ہم تو اسے مان چکے ہیں۔ اب ہم اپنے ربّ کے ساتھ ہرگز کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں گے۔ تب اللہ نے اپنے نبیؐ پر یہ سورۃ اُتاری: قُلْ اُوْحِیَ اِلَیَّ۔ اور جنّوں نے جو بات (اپنی قوم سے) کہی تھی؛ وہی آپؐ پر وحی کی گئی۔
صحیح بخاری 774
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ایوب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ کو جس (نماز) میں (پڑھنے کا) حکم ہوا اس میں آپؐ نے پڑھا اور جس میں (خاموش رہنے کا) حکم ہوا، اس میں آپؐ خاموش رہے اور تیرا ربّ بھولنے والا نہیں اور یقینا تمہارے لئے رسول اللہ ﷺ میں اچھا نمونہ ہے۔
صحیح بخاری 774a
اور عبیداللہ بن عمر نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ ایک انصاری آدمی مسجد قباء میں ان کی امامت کیا کرتا تھا۔ وہ جب کبھی ان سورتوں میں سے جو نماز میں پڑھی جاتی ہیں، کوئی سورۃ شروع کرتا تو پہلے قُلْ ہُوَ اللّٰہُ پڑھتا۔ جب اسے پڑھ لیتا تو پھر اس کے ساتھ کوئی اور سورۃ پڑھتا اور ہر رکعت میں ایسا ہی کرتا۔ اس کے ساتھیوں نے اس بارہ میں اس سے بات کی اور کہا: تم اس سورۃ سے شروع کرتے ہو اور پھر نہیں سمجھتے کہ یہ سورۃ تمہیں کافی ہوگی۔ بلکہ ایک اور سورۃ بھی پڑھتے ہو تو تم اسی کو پڑھا کرو۔ یا اس کو چھوڑ دو اور کوئی دوسری سورۃ پڑھو۔ اس نے کہا: میں تو اسے ہر گز نہ چھوڑوں گا۔ اگر تم پسند کرتے ہو کہ میں اسی طرح تمہاری امامت کروں تو میں تمہارا امام رہوں گا اور اگر تمہیں یہ پسند نہیں تو میں تمہیں چھوڑ دوں گا اور وہ لوگ اس کو اپنے میں سب سے بہتر سمجھتے تھے اور انہوں نے پسند نہ کیا کہ اس کے سوا کوئی اور ان کا امام ہو۔ جب نبی ﷺ ان کے پاس آئے تو انہوں نے آپؐ کو اس واقعہ کی خبر دی۔ آپؐ نے فرمایا: اے فلاں! جو بات تمہارے ساتھی تم سے کہتے ہیں ؛ تمہیں اس فعل سے کون سی بات روکتی ہے؟ اور کیا وجہ ہے کہ تم نے یہ سورۃ ہر رکعت میں لازم کرلی ہے؟ اُس نے کہا: یہ سورۃ مجھے بہت پیاری ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس کی محبت نے تمہیں جنت میں داخل کردیا۔