کتاب 150: باب مَا يُتَخَيَّرُ مِنَ الدُّعَاءِ بَعْدَ التَّشَهُّدِ وَلَيْسَ بِوَاجِبٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 835
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ اعمش سے مروی ہے کہ مجھے شقیق نے بتایا۔ انہوں نے حضرت عبد اللہؓ (بن مسعود) سے روایت کی۔ آپؓ نے بیان کیا: جب ہم آنحضرت ﷺ کے ساتھ نماز میں ہوتے تو ہم یوں کہا کرتے تھے: اللہ پر اس کے بندوں کی طرف سے سلامتی ہو اور فلاں فلاں شخص پر سلامتی ہو تو نبی ﷺ نے فرمایا: اَلسَّلَامُ عَلَی اللّٰہِ مت کہو۔ کیونکہ اللہ ہی تو سلام ہے۔ بلکہ یہ کہا کرو : زبان سے متعلقہ تمام عبادتیں اللہ ہی کے لئے ہیں اور بدنی عبادتیں اور مالی عبادتیں بھی ( اللہ ہی کے لئے ہیں) اے نبی تجھ پر سلامتی اور اللہ کی رحمت اور اس کی برکتیں ہوں اور سلامتی ہو ہم پر بھی اور اللہ کے نیک بندوں پر بھی۔ کیونکہ جب تم (یہ) کہو گے تو آسمان میں یا (فرمایا:) آسمان و زمین کے درمیان ہر بندے کو (تمہاری دعا) پہنچے گی (اس کے بعد یہ کہو) میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور یہ کہ محمدؐ اس کا بندہ اور اس کا رسول ہے۔ پھر دعائوں میں سے جو دعا بھی اس کو پسند ہو وہ مانگے۔