کتاب 155: باب الذِّكْرِ بَعْدَ الصَّلاَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 841
اسحق بن نصر نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابن جریج نے ہمیں بتایا۔ کہا: عمرو نے مجھے بتایا کہ حضرت ابن عباسؓ کے آزاد کردہ غلام ابومعبد نے انہیں بتایا کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے انہیں خبر دی کہ جب لوگ نمازِ فریضہ سے فارغ ہوتے تو نبی کریم ﷺ کے زمانہ میں ذکرِ الٰہی بلند آواز میں کیا جاتا اور حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے کہ جب میں اس ذکر کو سنتا تو مجھے علم ہو جاتا کہ لوگ اس وقت فارغ ہوگئے ہیں۔
صحیح بخاری 842
علی بن عبداللہ (مدنی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان نے ہم سے بیان کیا، کہا کہ عمرو نے ہمیں بتایا، کہا کہ ابومعبد نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا، کہا: میں نبی ﷺ کی نماز کے ختم ہونے کو اَللّٰہُ اَکْبَرُ سے پہچانا کرتا۔ علی کہتے تھے کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ عمرو (بن دینار) سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: حضرت ابن عباسؓ کے آزاد کردہ غلاموں میں سب سے سچے ابومعبد تھے۔ علی کہتے تھے: اور ان کا نام نافذ تھا۔
صحیح بخاری 843
محمد بن ابی بکر نے ہم سے بیان کیا، کہا: معتمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے سمی سے، سمی نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کے پاس محتاج لوگ آئے اور انہوں نے کہا کہ دولت مند لوگ تو اموال کے ذریعہ بلند درجے اور ہمیشہ کی نعمت لے گئے۔ جیسے ہم نماز پڑھتے ہیں وہ بھی نماز پڑھتے ہیں۔ جیسے ہم روزے رکھتے ہیں وہ بھی رکھتے ہیں۔ ان کے پاس مال بھی بڑھ کر ہیں جس کے ذریعہ سے حج کرتے ہیں اور عمرہ کرتے ہیں اور جہاد کرتے ہیں اور صدقہ دیتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا میں تمہیں ایسی بات نہ بتائوں کہ جس پر تم عمل کرو تو تم ان کو پالو جو تم سے آگے نکل گئے اور پیچھے سے تم کو کوئی بھی نہ مل سکے اور تم ان سب لوگوں سے اچھے رہو، جن کے درمیان تم رہتے ہو، سِوا ان کے جو اس طرح کریں۔ ہر نماز کے بعد تم تینتیس دفعہ تسبیح و تحمید اور تکبیر سے ذکرِ الٰہی کیا کرو۔ پھر ہم نے آپس میں اختلاف کیا۔ بعض نے کہا: تینتیس بار سُبْحَانَ اللّٰہِ کہا کریں گے۔ تینتیس بار اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ اور چونتیس بار اَللّٰہُ اَکْبَرُ تو میں ابوصالح کے پاس واپس گیا تو انہوں نے کہا: تم سُبْحَانَ اللّٰہِ، اَلْحَمْدُ لِلّٰہ، اَللّٰہُ اَکْبَر کہا کرو۔ یہاں تک کہ وہ سب مل کر تینتیس بار ہو جائیں۔
صحیح بخاری 844
وَقَالَ شُعْبَةُ عَنْ عَبْدِ الْمَلِكِ بِهَذَا وَعَنِ الْحَكَمِ عَنِ الْقَاسِمِ بْنِ مُخَيْمِرَةَ عَنْ وَرَّادٍ بِهَذَا. وَقَالَ الْحَسَنُ الْجَدُّ غِنًى.
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان نے ہمیں بتایا۔ عبدالملک بن عمیر سے مروی ہے کہ انہوں نے حضرت مغیرہؓ بن شعبہ کے کاتب ورّاد سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت مغیرہؓ بن شعبہ نے مجھ سے ایک خط لکھوایا جو حضرت معاویہؓ کی طرف تھا کہ نبی کریم ﷺ ہر نماز فریضہ کے بعد کہا کرتے تھے: اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہ واحد ہے۔ اس کا کوئی شریک نہیں اسی کی بادشاہت ہے۔ اور اسی کی تمام تعریفیں ہیں۔ اور وہ ہر بات پر بڑا ہی قادر ہے۔ اے اللہ کوئی روکنے والا نہیں جو تو دے اور کوئی دینے والا نہیں جو تو روک دے۔ کسی صاحب حیثیت (مال، حسب و نسب وغیرہ) کو اس کی حیثیت تیرے مقابل پر فائدہ نہیں دے گی۔
اور شعبہ نے کہا: عبدالملک سے یہ حدیث مروی ہے۔ انہوں نے حکم سے، حکم نے قاسم بن مخیمرہ سے اور انہوں نے ورّاد سے یہ روایت کی ہے اور حسن (بصریؒ) نے کہا: جدّ کے معانی ہیں دولتمندی۔