کتاب 156: باب يَسْتَقْبِلُ الإِمَامُ النَّاسَ إِذَا سَلَّمَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 845
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا: جریر بن حازم نے ہمیں بتایا۔ کہا: ابورجاء نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت سمرہ بن جندب ؓ سے روایت کی۔ کہا: نبی ﷺ جب نماز پڑھ چکتے تو ہماری طرف منہ کر لیتے۔
صحیح بخاری 846
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے صالح بن کیسان سے، صالح نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود سے، عبیداللہ نے حضرت زید بن خالد جہنیؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ہمیں حدیبیہ میں صبح کی نماز بارش کے بعد جو رات کو ہوئی تھی پڑھائی۔ جب آپؐ نماز سے فارغ ہوئے تو لوگوں کی طرف منہ کیا اور فرمایا: کیا تم جانتے ہو کہ تمہارے رب عزوجل نے کیا فرمایا ہے۔ لوگوں نے کہا: اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔ فرمایا: میرے بندوں میں سے آج صبح بعض مجھ پر ایمان لانے والے ہوئے اور بعض میرا انکار کرنے والے۔ جس نے تو یہ کہا کہ ہم پر اللہ تعالیٰ کے فضل اور اس کی رحمت سے بارش ہوئی ہے وہ میرا مومن ہے اور ستاروں کا کافر۔ اور جس نے کہا کہ ہم پر (بارش) فلاں فلاں (ستارے کے نکلنے کی) وجہ سے ہوئی ہے وہ میرا کافر اور ستاروں کا مومن ہے۔
صحیح بخاری 847
عبداللہ (بن منیر) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے یزید (بن ہارون) سے سنا۔ وہ کہتے تھے۔ حُمید نے ہمیں بتایا کہ حضرت انسؓ (بن مالک) سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: ایک رات آنحضرتؐ نے نماز میں آدھی رات تک دیر کردی۔ پھر ہمارے پاس تشریف لائے۔ جب آپؐ نماز پڑھا چکے تو آپؐ نے ہماری طرف منہ کرکے فرمایا: لوگ تو نماز پڑھ چکے ہیں اور سو رہے ہیں اور تمہاری یہ حالت ہے کہ جب تک تم نماز کی انتظار کرتے رہے نماز ہی میں رہے۔