کتاب 161: باب وُضُوءِ الصِّبْيَانِ, وَمَتَى يَجِبُ عَلَيْهِمُ الْغَسْلُ وَالطُّهُورُ وَحُضُورِهِمِ الْجَمَاعَةَ وَالْعِيدَيْنِ وَالْجَنَائِزَ وَصُفُوفِهِمْ.
صحیح بخاری
صحیح بخاری 857
(محمد) بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہم سے غندر (محمد بن جعفر) نے بیان کیا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے سلیمان شیبانی سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ میں نے شعبی سے سنا۔ انہوں نے کہا: مجھے اس شخص نے خبر دی جو نبی ﷺ کے ساتھ ایک الگ تھلگ اکیلی قبر کے پاس سے گذرا تھا۔ آپؐ لوگوں کے آگے کھڑے ہوگئے اور لوگوں نے قبر کے سامنے صف باندھی۔ میں نے (شعبی سے) پوچھا: اے ابو عمرو! آپؒ کو کس نے بتایا؟ انہوں نے جواب دیا : حضرت ابن عباسؓ نے۔
صحیح بخاری 858
علی بن عبداللہ (مدنی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: صفوان بن سُلیم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابو سعید خدریؓ سے، حضرت ابو سعیدؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جمعہ کے روز ہر جوان آدمی پر نہانا واجب ہے۔
صحیح بخاری 859
علی بن عبداللہ (مدنی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان نے ہمیں بتایا۔ عمرو (بن دینار) سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: کریب نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ کہا: میں اپنی خالہ حضرت میمونہؓ کے پاس ایک رات سویا۔ نبی ﷺ سو گئے۔ جب رات کا ایک حصہ گذر گیا تو رسول اللہ ﷺ اُٹھے اور ایک پرانے مشکیزہ سے جو لٹک رہا تھا ہلکا سا وضو کیا۔ عمرو بن دینار اسے بہت ہی ہلکا بتاتے تھے۔ پھر آپؐ کھڑے ہو کر نماز پڑھنے لگے۔ میں بھی اٹھا اور آپؐ ہی کی طرح (ہلکا سا) وضو کیا۔ پھر آ کر آپؐ کے بائیں طرف کھڑا ہوگیا۔ آپؐ نے مجھ کو اپنی جگہ سے ہٹا کر اپنے دائیں طرف کرلیا۔ پھر آپؐ نے جتنی اللہ نے چاہا نماز پڑھی۔ اس کے بعد آپؐ لیٹ گئے اور سو گئے۔ یہاں تک کہ آپؐ نے گہرا سانس لیا۔ پھر مؤذن آپؐ کو نماز کی اطلاع دینے کے لئے آپؐ کے پاس آیا۔ آپؐ اٹھے اور اس کے ساتھ نماز کے لئے گئے اور نماز پڑھائی اور آپؐ نے وضو نہیں کیا۔ (سفیان کہتے ہیں) ہم نے عمرو (بن دینار) سے کہا کہ بعض لوگ کہتے ہیں کہ نبی ﷺ کی آنکھیں تو سوتی تھیں اور آپؐ کا دل نہیں سوتا تھا۔ عمرو (بن دینار) نے کہا: میں نے عبید بن عمیر کو کہتے سنا ہے کہ انبیاء کی رؤیا وحی ہوتی ہے (اور یہ کہہ کر) عبید نے یہ آیت پڑھی: {یقینا میں سوتے میں دیکھا کرتا ہوں کہ میں تجھے ذبح کر رہا ہوں۔}
صحیح بخاری 860
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اسحق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، اسحق نے حضرت انسؓ بن مالک سے روایت کی کہ اسحاق کی دادی حضرت مُلیکہؓ نے رسول اللہ ﷺ کو کھانے کی دعوت دی جو انہوں نے (آپؐ کے لئے) تیار کر رکھا تھا۔ آپؐ نے اس سے کھایا اور فرمایا: کھڑے ہو جائیے تاکہ میں تمہیں نماز پڑھائوں۔ میں نے اٹھ کر اپنی ایک چٹائی لی جو مدت تک استعمال میں رہنے سے سیاہ ہو گئی تھی۔ پانی سے میں نے اسے دھو ڈالا۔ رسول اللہ ﷺ کھڑے ہوئے اور ایک یتیم لڑکا (ضمیرہ بن سعد) بھی (میرے ساتھ تھا) اور بڑھیا ہمارے پیچھے تھیں۔ آپؐ نے ہمیں دو رکعتیں پڑھائیں۔
صحیح بخاری 861
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ سے، انہوں نے حضرت (عبداللہ) بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں ایک گدھی پر سوار ہوکر آیا اور ان دنوں میں بلوغت کے قریب پہنچ چکا تھا اور (اس وقت) رسول اللہ ﷺ لوگوں کو منیٰ میں نماز پڑھا رہے تھے۔ آپؐ کے سامنے کوئی دیوار نہ تھی۔ میں صف کے ایک حصے کے سامنے سے گذر گیا پھر نیچے اتر آیا اور گدھی کو چرنے کے لئے چھوڑ دیا اور صف میں شریک ہوگیا اور کسی نے بھی میری بات بری نہیں مانی۔
صحیح بخاری 862
وَقَالَ عَيَّاشٌ حَدَّثَنَا عَبْدُ الأَعْلَى حَدَّثَنَا مَعْمَرٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ عُرْوَةَ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتْ أَعْتَمَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فِي الْعِشَاءِ حَتَّى نَادَاهُ عُمَرُ قَدْ نَامَ النِّسَاءُ وَالصِّبْيَانُ. فَخَرَجَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ " إِنَّهُ لَيْسَ أَحَدٌ مِنْ أَهْلِ الأَرْضِ يُصَلِّي هَذِهِ الصَّلاَةَ غَيْرُكُمْ ". وَلَمْ يَكُنْ أَحَدٌ يَوْمَئِذٍ يُصَلِّي غَيْرَ أَهْلِ الْمَدِينَةِ.
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہؓ بیان کرتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے عشاء کی نماز میں دیر کردی۔ اور عیاش نے کہا کہ عبدالاعلیٰ نے ہم سے بیان کیا، (کہا) معمر نے ہمیں بتایا کہ زہری سے مروی ہے۔ انہوں نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے عشاء میں دیر کر دی۔ آخر حضرت عمرؓ نے آپؐ کو آواز دی کہ عورتیں اور بچے سو گئے ہیں۔ (حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں:) اس پر رسول اللہ ﷺ نکلے اور فرمایا: اہل زمین میں سے کوئی بھی سوائے تمہارے اس نماز کو نہیں پڑھتا اور ان دنوں سوائے اہل مدینہ کے اور کوئی بھی نماز نہیں پڑھتا تھا۔
صحیح بخاری 863
عمرو بن علی (فلاس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان نے ہمیں بتایا، (کہا:) عبدالرحمن بن عابس نے مجھ سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ ان سے ایک شخص نے پوچھا: کیا آپؓ بھی رسول اللہ ﷺ کے ساتھ کسی سفر میں شریک ہوئے ہیں؟ انہوں نے کہا: ہاں: اگر میرا آپؐ سے تعلق نہ ہوتا تو میں شریک نہ ہوتا۔ اس سے ان کی مراد یہ تھی کہ ان کے چھوٹے ہونے کی وجہ سے (انہیں یہ موقع ملا) آنحضرت ﷺ اس نشان کے قریب آئے جو کہ حضرت کثیر بن صلتؓ کے گھر کے قریب تھا اور (صحابہ کو) مخاطب فرمایا۔ پھر آپؐ عورتوں کے پاس آئے اور انہیں وعظ و نصیحت کی اور انہیں صدقہ دینے کے لئے فرمایا تو عورتیں اپنے ہاتھوں کو جھکا جھکا کر اپنی انگوٹھیاں اتارتیں اور حضرت بلالؓ کے کپڑے میں ڈالتی جاتی تھیں۔ اس کے بعد آپؐ اور حضرت بلالؓ گھر آئے۔