کتاب 163: باب انْتِظَارِ النَّاسِ قِيَامَ الإِمَامِ الْعَالِمِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 866
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عثمان بن عمر نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) یونس (بن یزید) نے ہمیں بتایا۔ زہری سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: ہند بنت حارث نے مجھ سے بیان کیا کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت ام سلمہؓ نے انہیں بتایا کہ عورتیں رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں جب نماز فریضہ سے سلام پھیر کر (یعنی سلامتی کی دعا کرکے) فارغ ہوتیں تو وہ کھڑی ہوجاتیں اور رسول اللہ ﷺ نیز وہ مرد جو نماز پڑھ چکتے جب تک اللہ چاہتا ٹھہرے رہتے۔ جب رسول اللہ ﷺ اٹھتے تو مرد بھی اٹھتے۔
صحیح بخاری 867
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا کہ مالک سے مروی ہے…اور عبداللہ بن یوسف نے بھی ہم سے بیان کیا، کہا کہ مالک نے ہمیں بتایا کہ یحيٰ بن سعید سے روایت ہے۔ انہوں نے عمرہ بنت عبدالرحمن سے، عمرہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں کہ رسول اللہ ﷺ صبح کی نماز پڑھ لیتے تو عورتیں اپنی اوڑھنیوں میں لپٹی لپٹائی لوٹ جاتیں۔ اندھیرے کی وجہ سے وہ پہچانی نہ جاتیں۔
صحیح بخاری 868
محمد بن مسکین نے ہم سے بیان کیا، کہا: بشر (بن بکر) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) اوزاعی نے ہمیں بتایا۔ (وہ کہتے تھے:) یحيٰ بن ابی کثیر نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی قتادہ انصاری سے، عبداللہ نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں تو نماز کے لئے کھڑا ہوتا ہوں اور میں اسے لمبا کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں اتنے میں بچے کے رونے کی آواز سنتا ہوں تو میں اپنی نماز مختصر کر دیتا ہوں۔ کیونکہ مجھے ناپسند ہوتا ہے کہ میں اس کی ماں کو تکلیف دوں۔
صحیح بخاری 869
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن سعید سے، یحيٰ نے عمرہ سے، عمرہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی ہیں: اگر رسول اللہ ﷺ ان بدعتوں کو پاتے جو عورتیں کرتی ہیں تو آپؐ ان کو یقینا مسجد میں آنے سے روک دیتے۔ جیسا کہ بنی اسرائیل کی عورتیں روکی گئیں اس پر میں نے عمرہ سے پوچھا: کیا بنی اسرائیل کی عورتیں روکی گئی تھیں؟ انہوں نے جواب دیا: ہاں۔