کتاب 2: باب فَضْلِ الْغُسْلِ يَوْمَ الْجُمُعَةِ، وَهَلْ عَلَى الصَّبِيِّ شُهُودُ يَوْمِ الْجُمُعَةِ أَوْ عَلَى النِّسَاءِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 877
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی جمعہ کے دن آئے تو چاہیے کہ وہ نہا لے۔
صحیح بخاری 878
عبداللہ بن محمد بن اسماء نے ہم سے بیان کیا، کہا: جویریہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے زُہری سے، زُہری نے سالم بن عبد اللہ بن عمر سے، انہوں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ حضرت عمرؓ بن خطاب جمعہ کے دن خطبہ میں کھڑے تھے۔ اتنے میں نبی ﷺ کے صحابہ میں سے ایک شخص آیا جو اوّل مہاجرین میں سے تھا؛ حضرت عمرؓ نے ان کو آواز دے کر پوچھا: یہ کون سا وقت ہے؟ انہوں نے جواب دیا: میں (ایک کام میں) مشغول ہوگیا تھا اور میں ابھی اپنے گھر والوں کے پاس بھی نہیں گیا۔ میں نے اذان سنی تو اور کچھ نہیں کیا۔ صرف وضو ہی کیا ہے (اور نماز جمعہ میں شامل ہونے کے لئے آ گیا ہوں۔ حضرت عمرؓ) نے کہا: صرف وضو ہی کیا ہے حالانکہ آپؓ خوب جانتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ غسل کا حکم دیا کرتے تھے۔
صحیح بخاری 879
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صفوان بن سلیم سے، صفوان نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جمعہ کے دن نہانا ہر بالغ پر واجب ہے۔