کتاب 8: باب السِّوَاكِ يَوْمَ الْجُمُعَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 887
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر مجھے اس کا خیال نہ ہوتا کہ میں اپنی امت کو تکلیف میں ڈال دوں گا یا یہ فرمایا کہ اگر لوگوں کی تکلیف کا مجھے خیال نہ ہوتا تو میں انہیں ضرور ہر نماز کے ساتھ مسواک کا حکم دیتا۔
صحیح بخاری 888
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالوارث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: شعیب بن حبحاب نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ہم سے حضرت انسؓ نے بیان کیا، کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں نے مسواک کے بارے میں تمہیں بار ہا تاکید کی ہے۔
صحیح بخاری 889
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور (ابن معمر) اور حصین (بن عبدالرحمن) سے، ان دونوں نے ابووائل (بن شفیق) سے۔ ابووائل نے حضرت حذیفہؓ (بن یمان) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جب رات کو تہجد کے لیے اٹھتے تو آپؐ اپنے دانت مسواک سے رگڑ کر صاف کرتے۔