کتاب 11: باب الْجُمُعَةِ فِي الْقُرَى وَالْمُدْنِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 892
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوعامر عقدی نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابراہیم بن طہمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوجمرہ (نضر بن عبدالرحمن) ضبعی سے، ابوجمرہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلا جمعہ جو رسول اللہ ﷺ کی مسجد والے جمعہ کے بعد ہوا، وہ بحرین کے علاقہ جواثیٰ میں عبد القیس کی مسجد میں ہوا۔
صحیح بخاری 893
بشر بن محمد نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا، کہا: یونس نے زہری سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا، (کہا:) ہمیں سالم بن عبداللہ نے خبر دی کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے۔ { انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ } آپؐ فرماتے تھے: تم میں سے ہر ایک پاسبان ہے۔ لیث (بن سعد) نے اپنی روایت میں اتنا زیادہ کیا۔ یونس نے کہا: رُزَیق بن حُکیم نے ابن شہاب کو لکھا جبکہ میں ان دِنوں وادی القریٰ میں ابن شہاب کے پاس تھا۔ کیا آپ کی رائے ہے کہ میں جمعہ پڑھائوں اور اس وقت رُزَیق اپنی زمین میں کھیتی کر رہے تھے۔ وہاں کچھ حبشی وغیرہ بھی تھے اور رزیق ایلہ کے حاکم تھے۔ ابن شہاب نے لکھا کہ جمعہ پڑھایا کریں اور میں سن رہا تھا۔ یہ بھی بتایا کہ سالم نے ان سے بیان کیا کہ حضرت عبد اللہ بن عمرؓ کہتے تھے: میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا کہ تم میں سے ہر ایک پاسبان ہے اور تم میں سے ہر ایک اپنی رعیت کی نسبت پوچھا جائے گا۔ بادشاہ بھی پاسبان ہے اور اس سے اس کی رعیت کے بارے میں پرسش ہو گی اور مرد بھی اپنے گھر والوں کا پاسبان ہے اور اس سے بھی اس کی رعیت کے بارے میں پوچھا جائے گا اور عورت بھی اپنے خاوند کے گھر کی پاسبان ہے۔ اور اس سے اس کی رعیت کے بارے میں پوچھا جائے گا۔ نوکر بھی اپنے آقا کے مال کا پاسبان ہے۔ اس سے بھی اس کی رعیت کے بارے میں پرسش ہوگی (سالم) کہتے تھے اور میرا خیال ہے کہ آپؐ نے یہ بھی فرمایا: اور مرد اپنے باپ کے مال کا پاسبان ہے اور وہ بھی اپنی رعیت کے بارے میں پوچھا جائے گا اور تم میں سے ہر ایک پاسبان ہے، اس سے اس کی رعیت کے بارے میں پوچھا جائے گا۔