کتاب 13: باب
صحیح بخاری
صحیح بخاری 899
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شبابہ نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) ورقاء نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے مجاہد سے، مجاہد نے حضرت ابن عمرؓ سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: عورتوں کو رات کو مسجد میں جانے کی اجازت دو۔
صحیح بخاری 900
یوسف بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابواسامہ (حماد بن اسامہ) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) عبیداللہ بن عمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کہ وہ کہتے تھے: حضرت عمرؓ کی ایک بیوی تھیں جو مسجد میں صبح اور عشاء کی نماز باجماعت پڑھا کرتی تھیں۔ اس پر ان سے کہا گیا کہ تم کیوں باہر نکلتی ہو۔ حالانکہ تم جانتی ہو کہ حضرت عمرؓ اسے ناپسند کرتے ہیں اور وہ غیرت کرتے ہیں۔ انہوں نے جواب دیا: پھر انہیں کیا رکاوٹ ہے کہ مجھے روک دیں۔ انہوں نے کہا: انہیں رسول اللہ ﷺ کا یہ فرمان روکتا ہے کہ مسجد میں اللہ کی باندیوں کو آنے سے مت روکو۔