کتاب 18: باب الْمَشْىِ إِلَى الْجُمُعَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 907
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ولید بن مسلم نے ہم سے بیان کیا، انہوں نے کہا: یزید بن ابی مریم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ عبایہ بن رفاعہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں جمعہ کو جا رہا تھا کہ مجھے حضرت ابوعبس (عبدالرحمن بن جبر رضی اللہ عنہ) آ ملے اور انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو یہ فرماتے سنا ہے کہ جس کے پائوں اللہ کی راہ میں گرد آلود ہوں اس کو اللہ نے آگ پر حرام کردیا ہے۔
صحیح بخاری 908
آدم نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبدالرحمن) بن ابی ذئب نے ہم سے بیان کیا۔ ابن ابی ذئب نے کہا: زہری نے (ہمیں) بتایا۔ انہوں نے سعید اور ابوسلمہ سے، ان دونوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ روایت کی اور ابوالیمان نے بھی ہم سے بیان کیا، کہا: شعیب نے ہمیں بتایا زہری سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: ابوسلمہ بن عبدالرحمن نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے: جب تکبیر اقامت ہو تو نماز کے لئے دوڑتے ہوئے نہ آئو بلکہ معمول کی رفتار سے چل کر آئو اور تم سکون کو اپنا وطیرہ بنائو۔ جتنی نماز تم پالو پڑھ لو جو تم سے رہ جائے اسے پورا کرلو۔
صحیح بخاری 909
عمرو بن علی نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابو قتیبہ نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: علی بن مبارک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے عبداللہ بن ابی قتادہ سے، (انہوں نے کہا:) میں یہی جانتا ہوں کہ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جب تک مجھے (اٹھتے) نہ دیکھو نہ اٹھا کرو اور تمہیں چاہیے کہ آرام سے اٹھو۔