کتاب 29: باب مَنْ قَالَ فِي الْخُطْبَةِ بَعْدَ الثَّنَاءِ أَمَّا بَعْدُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 922
اور محمود نے کہا کہ ابو اسامہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہم کو ہشام بن عروہ نے بتایا، کہا: فاطمہ بنت منذر نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت اسماء بنت ابی بکرؓ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس گئی لوگ نماز پڑھ رہے تھے۔ میں نے کہا: لوگوں کی یہ کیا حالت ہے؟ انہوں نے اپنے سر سے آسمان کی طرف اشارہ کیا۔ میں نے کہا: کیا کوئی نشانِ الٰہی ہے؟ تو انہوں نے اپنے سر سے اشارہ کیا۔ یعنی ہاں۔ کہتی تھیں: نبی ﷺ نے بہت لمبی (نماز) پڑھائی۔ یہاں تک کہ مجھ پر غشی طاری ہوگئی اور میرے قریب ایک مشک تھی جس میں کچھ پانی تھا۔ میں نے وہ کھولی اور اس سے اپنے سر پر پانی ڈالنے لگی اتنے میں رسول اللہ ﷺ فارغ ہوئے اور سورج ظاہر ہو چکا تھا۔ آپؐ لوگوں سے مخاطب ہوئے اور آپؐ نے اللہ تعالیٰ کی تعریف کی جس کا کہ وہ اہل ہے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: اما بعد۔ کہتی تھیں: اور انصار کی چند عورتوں نے شور و غل شروع کردیا۔ میں ان کی طرف لپکی تاکہ میں انہیں خاموش کروں۔ میں نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا کہ آپ نے کیا فرمایا ہے؟ انہوں نے کہا: آپؐ نے فرمایا ہے: کوئی بھی ایسی چیز نہیں جو مجھ کو پہلے نہیں دکھلائی گئی تھی۔ مگر میں نے اسے اپنی اس جگہ میں دیکھ لیا ہے۔ یہاں تک کہ جنت و نار بھی اور مجھے وحی کی گئی ہے کہ تم قبروں میں مسیح دجال کی آزمائش کی طرح یا اس کے قریب قریب آزمائے جاؤ گے۔ تم میں سے ایک کے پاس فرشتہ آئے گا اور اس سے پوچھا جائے گا کہ اس شخص کی نسبت تمہیں کیا علم ہے؟ جو ماننے والا یا فرمایا یقین کرنے والا ہے۔ ہشام نے شک کیا (کہ ان دونوں میں سے کونسا لفظ تھا) تو وہ کہے گا: وہ اللہ کے رسول ہیں۔ وہ محمد ہیں ﷺ ہمارے پاس کھلے کھلے دلائل اور ہدایت کی باتیں لائے۔ ہم نے مان لیا اور قبول کیا اور ہم نے فرمانبرداری کی اور ہم نے سچا جانا۔ تو اس سے کہا جائے گا: آرام سے سو جا۔ ہم تو جانتے ہی تھے کہ تو ان کو ماننے والا ہے اور جو منافق ہوگا یا فرمایا شک کرنے والا ہوگا ہشام نے شک کیا (کہ ان دونوں لفظوں میں سے کون سا لفظ تھا) تو اس سے پوچھا جائے گا: اس شخص کے متعلق تمہیں کیا علم ہے؟ وہ کہے گا: میں نہیں جانتا۔ میں نے لوگوں کو کچھ کہتے سنا، میں نے بھی کہہ دیا۔ ہشام کہتے تھے: فاطمہ نے جو کچھ مجھ سے کہا، میں نے اسے یاد رکھا ہے۔ مگر انہوں نے کچھ ذکر کیا تھا کہ اس منافق پر سختی کی جائے گی (وہ مجھے یاد نہیں رہا)۔
صحیح بخاری 923
محمد بن معمر نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوعاصم نے جریر بن حازم سے روایت کی انہوں نے کہا: میں نے حسن (بصری) سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ہم سے حضرت عمرو بنت تغلبؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس کچھ مال یا کوئی چیز لائی گئی۔ آپؐ نے وہ بانٹ دی۔ آپؐ نے بعض آدمیوں کو دیا اور بعض کو نہ دیا۔ پھر آپؐ کو یہ خبر پہنچی کہ جن لوگوں کو آپؐ نے چھوڑ دیا تھا۔ وہ کچھ ناراض ہیں۔ آپؐ نے اللہ تعالیٰ کی حمد بیان کی اور اس کی تعریف کی۔ پھر فرمایا: اما بعد۔ اللہ کی قسم! میں ایک شخص کو دیتا ہوں (اور ایک شخص کو چھوڑ دیتا ہوں) اور حالانکہ جسے چھوڑتا ہوں۔ وہ مجھ کو زیادہ پیار اہوتا ہے بہ نسبت اس کے جسے میں دیتا ہوں۔ لیکن میں بعض لوگوں کو اس لئے دیتا ہوں کہ ان کے دلوں میں بے چینی اور بے صبری دیکھتا ہوں اور بعض لوگوں کو اس سیر چشمی اور بھلائی کے حوالہ کر دیتا ہوں جو اللہ تعالیٰ نے ان کے دلوں میں پیدا کی ہوتی ہے۔ انہی لوگوں میں عمرو بن تغلبؓ بھی ہیں (یہ کہتے تھے:) بخدا! میں ہرگز پسند نہیں کرتا کہ رسول اللہ ﷺ کی اس بات کے مقابل میں مجھے سرخ اونٹ ملتے۔ یونس (بن عبید) نے بھی یہی روایت بیان کی ہے۔
صحیح بخاری 924
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا، کہا: لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل (بن خالد) سے عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عروہ نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہؓ نے ان کو خبر دی کہ رسول اللہ ﷺ ایک دفعہ آدھی رات کو باہر گئے اور مسجد میں نماز پڑھی اور لوگوں نے بھی آپؐ کی اقتداء میں نماز پڑھی۔ لوگ صبح اٹھے انہوں نے (نماز پڑھنے والوں سے سن کر) آپس میں (اس کے متعلق) بات چیت کی (دوسری رات) پہلے سے بھی زیادہ لوگ اکٹھے ہوگئے اور انہوں نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ نماز پڑھی۔ لوگ صبح اٹھے اور آپس میں باتیں کیں۔ تیسری رات مسجد کے لوگ اور زیادہ ہوگئے۔ رسول اللہ ﷺ باہر آئے اور لوگوں نے آپؐ کی اقتداء میں نماز پڑھی۔ جب چوتھی رات ہوئی تو مسجد لوگوں کو سمیٹ نہ سکی (لیکن آپؐ گھر سے باہر تشریف نہ لائے) آخر جب صبح کی نماز کے لئے آپؐ آئے اور فجر پڑھا چکے تو لوگوں کی طرف آپؐ متوجہ ہوئے اور کلمہ شہادت پڑھا۔ پھر فرمایا: اما بعد- مجھ سے پوشیدہ نہ تھا کہ تم لوگ مسجد میں ہو لیکن میں ڈر گیا۔ مبادا تم پر یہ نماز فرض ہوجائے اور تم اس سے عاجز آجائو۔ (عقیل کی طرح) یونس (بن یزید) نے بھی یہی روایت بیان کی ہے۔
صحیح بخاری 925
تَابَعَهُ أَبُو مُعَاوِيَةَ وَأَبُو أُسَامَةَ عَنْ هِشَامٍ عَنْ أَبِيهِ عَنْ أَبِي حُمَيْدٍ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " أَمَّا بَعْدُ ".
تَابَعَهُ الْعَدَنِيُّ عَنْ سُفْيَانَ فِي أَمَّا بَعْدُ.
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عروہ نے مجھے بتایا۔ حضرت ابوحمیدؓ ساعدی سے مروی ہے کہ انہوں نے ان کو بتایا: رسول اللہ ﷺ ایک رات (عشاء کی) نماز کے بعد کھڑے ہوئے اور کلمہ شہادت پڑھا اور جس تعریف کے اللہ تعالیٰ لائق ہے آپ نے اس کی تعریف کی۔ پھر فرمایا: اما بعد۔ (زہری کی طرح) ابو معاویہ اور ابو اسامہ نے بھی ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابی حمید سے، حضرت ابو حمیدؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: اما بعد۔ اور (ابوالیمان کی طرح محمد بن یحيٰ) عدنی نے سفیان سے اما بعد سے متعلق روایت کی۔
صحیح بخاری 926
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: علی بن حسین نے مجھے بتایا۔ مسور بن مخرمہ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کھڑے ہوئے اور جب آپؐ نے کلمہ شہادت پڑھا۔ آپؐ کو میں نے یہ کہتے سنا: اما بعد (محمد بن ولید) زبیدی نے بھی زہری سے (شعیب کی طرح) روایت کی ہے۔
صحیح بخاری 927
اسماعیل بن ابان نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبدالرحمن) ابن الغسیل (بن سلیمان) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عکرمہ نے ہمیں بتایا۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ منبر پر چڑھے اور یہ آپؐ کا آخری بیٹھنا تھا جو آپؐ (منبر پر) بیٹھے۔ آپؐ نے مونڈھوں پر ایک چادر لپیٹی ہوئی تھی اور اپنا سر ایک سیاہ پٹی سے باندھا ہوا تھا۔ آپؐ نے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا بیان کی۔ پھر فرمایا: لوگو! میرے قریب آجائو۔ تو لوگ آپؐ کے پاس اکٹھے ہوگئے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: اما بعد یہ انصار کا قبیلہ کم ہوتا جائے گا اور دوسرے لوگ زیادہ ہو جائیں گے۔ پس جو شخص محمد ﷺ کی امت میں امارت کا والی ہو اور اس وجہ سے اسے طاقت ہو کہ وہ کسی کو نقصان اور نفع پہنچا سکے تو چاہیے کہ وہ ان میں سے نیک کی نیکی کو قبول کرے اور ان کی ناگوار بات سے درگزر کرے۔