کتاب 5: باب الأَكْلِ يَوْمَ النَّحْرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 954
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت انسؓ (بن مالک) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جس نے نماز سے پہلے ذبح کیا، چاہیے کہ وہ دوبارہ ذبح کرے۔ اس پر ایک شخص اٹھا اور اس نے کہا: یہ دن ہے جس میں گوشت کی خواہش ہوتی ہے اور اس نے اپنے پڑوسیوں کی محتاجی کا حال بیان کیا۔ نبی ﷺ نے اس کی تصدیق کی۔ اس نے کہا اور میرے پاس ایک سال کی پٹھیا ہے جو گوشت والی دو بکریوں سے مجھے بہت زیادہ پسند ہے۔ نبی ﷺ نے اس کو اجازت دی۔ میں نہیں جانتا آیا یہ اجازت کسی اور کو بھی ہوئی یا نہیں۔
صحیح بخاری 955
عثمان (بن ابی شیبہ) نے ہم سے بیان کیا، کہا: جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے، حضرت براء بن عازبؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عیدالاضحٰی کے دن نماز کے بعد نبی ﷺ نے ہمیں مخاطب کیا۔ فرمایا: جس نے ہماری نماز کی طرح نماز پڑھی اور ہماری قربانی کی طرح قربانی کی۔ تو اس نے ٹھیک قربانی کی اور جس نے نماز سے پہلے قربانی کی چونکہ وہ نماز سے پہلے ہوئی اس کی کوئی قربانی نہیں۔ اس پر حضرت ابوبردہ بن نیارؓ نے جو حضرت براء (بن عازبؓ) کے ماموں تھے، کہا: یا رسول اللہ! میں نے تو اپنی بکری نماز سے پہلے ذبح کرلی تھی۔ میں تو یہ سمجھا تھا کہ آج کھانے پینے کا دن ہے اور میں نے چاہا کہ پہلی بکری جو ذبح ہو وہ میرے ہی گھر میں ہو اس لئے میں نے اپنی بکری ذبح کردی اور نماز کو آنے سے پہلے ناشتہ کیا۔ آپؐ نے فرمایا: تمہاری بکری تو گوشت کی بکری ہوئی۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! ہمارے پاس ایک سال کی پٹھیا ہے جو مجھے دو بکریوں سے بھی زیادہ پیاری ہے۔ کیا وہ میری طرف سے بطور قربانی کافی ہوگی؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ تمہارے بعد کسی کو بطور قربانی کام نہ آئے گی۔