کتاب 6: باب الْخُرُوجِ إِلَى الْمُصَلَّى بِغَيْرِ مِنْبَرٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 956
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا، کہا: محمد بن جعفر نے ہم سے بیان کیا، کہا: زید (بن اسلم) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عیاض بن عبداللہ بن ابی سرح سے، انہوں نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ عید الفطر اور عید الاضحی میں عید گاہ کو جاتے تو پہلا کام جس سے آپؐ ابتداء کرتے وہ نماز ہوتی۔ پھر فارغ ہوکر لوگوں کے سامنے کھڑے ہوتے اور لوگ اپنی اپنی صفوں میں بیٹھے رہتے۔ آپؐ ان کو وعظ و نصیحت کرتے اور احکام سے آگاہ فرماتے۔ پھر اگر کوئی فوج بھیجنا چاہتے تو اس کا فیصلہ کرتے یا کوئی اور حکم دینا ہوتا تو وہ دیتے۔ پھر لوٹ جاتے۔ حضرت ابوسعیدؓ کہتے تھے: لوگ ہمیشہ اسی طرح کرتے رہے۔ یہاں تک کہ میں مروان کے ساتھ جو مدینہ کا حاکم تھا؛ عید الاضحٰی یا عید الفطر کے لئے نکلا۔ جب ہم عید گاہ میں آئے تو کیا دیکھتے ہیں کہ وہاں ایک منبر ہے جس کو کثیر بن صلت نے بنوایا تھا اور (کہا:) مروان اس پر نماز پڑھنے سے پہلے چڑھنا چاہتا ہے۔ میں نے اس کو کپڑے سے کھینچا تو اس نے مجھے کھینچ لیا اور منبر پر چڑھ گیا اور نماز سے پہلے خطبہ پڑھا۔ میں نے کہا: اللہ کی قسم! تم نے (سنت کو) بدل ڈالا۔ اس نے جواب دیا: ابوسعیدؓ اب وہ (زمانہ) گذر گیا جس کو تم جانتے ہو۔ میں نے کہا: بخدا جس زمانہ کو میں جانتا ہوں۔ وہ اس زمانہ سے بہتر ہے جس کو میں نہیں جانتا۔ انہوں نے کہا: بات یہ ہے کہ لوگ نماز کے بعد ہمارے لیے بیٹھتے نہیں۔ اس لئے میں نے خطبہ نماز سے پہلے کردیا ہے۔