کتاب 9: باب مَا يُكْرَهُ مِنْ حَمْلِ السِّلاَحِ فِي الْعِيدِ وَالْحَرَمِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 966
زکریا بن یحيٰ ابوسُکَین نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبدالرحمن) محاربی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: محمد بن سوقہ نے ہمیں بتایا کہ حضرت سعید بن جبیرؓ سے مروی ہے۔ وہ کہتے تھے: میں (حج میں) حضرت (عبداللہ) بن عمرؓ کے ساتھ تھا۔ جب کہ ان کے پائوں کے تلوے میں نیزے کی اَنّی لگی اور ان کا پائوں رکاب سے چمٹ گیا تو میں اترا اور نیزہ ان کے پائوں سے کھینچ کر نکالا اور یہ واقعہ منیٰ میں ہوا۔ حجاج کو یہ خبر پہنچی تو وہ ان کی بیمار پرسی کو آئے۔ حجاج نے کہا: کاش ہمیں یہ معلوم ہو کہ کس نے یہ نیزہ آپؓ کو مارا۔ حضرت ابن عمرؓ نے کہا: تم ہی نے مجھے نیزہ مارا ہے۔ حجاج نے کہا: یہ کیسے؟ تو انہوں نے کہا: تم نے ایسے دن میں ہتھیار اٹھوائے ہیں جس دن ان کو اٹھوایا نہیں جاتا تھا۔ اور حرم میں تم نے ہتھیار داخل کئے حالانکہ حرم کے اندر ہتھیار نہیں لائے جاتے تھے۔
صحیح بخاری 967
احمد بن یعقوب نے ہم سے بیان کیا ، کہا: اسحق بن سعید بن عمرو بن سعید بن عاص نے مجھے بتایا کہ ان کے باپ (سعید) سے مروی ہے۔ ان کے باپ نے کہا: حجاج حضرت ابن عمرؓ کے پاس آئے اور میں ان کے پاس تھا۔ حجاج نے پوچھا: یہ (زخم) کیسا ہے؟ انہوں نے کہا: اچھا ہے۔ حجاج نے کہا: آپؓ کو کس نے مارا ہے۔ انہوں نے جواب دیا: مجھے اس نے مارا ہے جس نے ایسے دن ہتھیار اٹھانے کا حکم دیا ہے، جس میں اس کا اُٹھانا جائز نہیں اور اس سے ان کی مراد حجاج تھا۔