کتاب 23: باب كَلاَمِ الإِمَامِ وَالنَّاسِ فِي خُطْبَةِ الْعِيدِ، وَإِذَا سُئِلَ الإِمَامُ عَنْ شَيْءٍ وَهْوَ يَخْطُبُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 983
مسدد (بن مسرہد) نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوالاحوص (سلام بن سلیم) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: منصور بن معتمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عامر) شعبی سے، شعبی نے حضرت براء بن عازبؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ عید الاضحیہ کے دن نماز کے بعد ہم سے مخاطب ہوئے اور فرمایا: جس نے ہماری نماز جیسی نماز پڑھی اور ہماری قربانی کی طرح قربانی کی تو اس نے ٹھیک قربانی کی اور جس نے نماز سے پہلے قربانی کرلی وہ بکری گوشت ہی کے لئے ہوئی۔ اس پر حضرت ابوبردہ بن نیارؓ اُٹھے اور کہا: یا رسول اللہ! میں نے تو بخدا نماز کے لئے نکلنے سے پہلے ہی قربانی کرلی ہے اور میں یہ سمجھا تھا کہ آج کا دن کھانے پینے کا ہے۔ اس لئے میں نے جلدی کی خود بھی کھایا اور اپنے گھر والوں اور پڑوسیوں کو بھی کھلایا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ بکری تو گوشت ہی کے لئے ہوئی۔ (حضرت ابوبردہؓ نے) کہا: میرے پاس ایک سال کی پٹھیا بھی ہے۔ وہ گوشت کی دو بکریوں سے بہتر ہے۔ کیا یہ میری طرف سے کافی ہوگی؟ فرمایا: ہاں مگر تمہارے بعد کسی کو کافی نہ ہوگی۔
صحیح بخاری 984
حامد بن عمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حماد بن زید سے، حماد نے ایوب سے، ایوب نے محمد سے روایت کی کہ حضرت انس بن مالکؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے عید الاضحیہ کے دن نماز پڑھائی۔ پھر آپؐ لوگوں سے مخاطب ہوئے اور جس نے نماز سے پہلے ذبح کر لیا تھا آپؐ نے اس سے فرمایا کہ وہ دوبارہ ذبح کرے۔ اس پر انصار میں سے ایک شخص اٹھا اور کہا: یا رسول اللہ ! میرے کچھ ہمسایہ ہیں، یا کہا: انہیں بھوک کی تکلیف رہتی ہے۔ یا کہا: (انہیں) محتاجی رہتی ہے اور میں نے نماز سے پہلے ذبح کر لیا اور اب میرے پاس ایک سال کی پٹھیا ہے جو مجھے گوشت کی دو بکريوں سے زیادہ پیاری ہے۔ آپؐ نے اسے ذبح کرنے کی اجازت دی۔
صحیح بخاری 985
مسلم نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسود (بن قیس) سے، اسود نے حضرت جندبؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے عید الاضحیہ کے دن نماز پڑھائی۔ پھر خطبہ پڑھا۔ اس کے بعد آپؐ نے ذبح کیا اور فرمایا: جس نے نماز پڑھنے سے پہلے ذبح کیا ہو اس کو چاہیے کہ وہ اس کی جگہ ایک اور جانور ذبح کرے اور جس نے ابھی ذبح نہ کیا ہو وہ بھی اللہ کا نام لے کر ذبح کرے۔