کتاب 14: كتاب الوتر
صحیح بخاری
صحیح بخاری 990
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع اور عبداللہ بن دینار سے، ان دونوں نے حضرت (عبداللہ) بن عمرؓ سے روایت کی کہ ایک شخص نے رسول اللہ ﷺ سے رات کی نماز سے متعلق پوچھا۔ رسول اللہ علیہ السلام نے فرمایا: رات کی نماز دو دو رکعتیں ہیں۔ پھر جب تم میں سے کسی کو خوف ہو کہ صبح ہوجائے گی تو ایک رکعت پڑھ لے وہ اس کی ساری نماز کو طاق بنا دے گی جو وہ پڑھ چکا ہے۔
صحیح بخاری 991
اور نافع سے مروی ہے کہ حضرت عبداللہ بن عمرؓ وتروں میں دو رکعتوں کے بعد سلام پھیر کر ایک پڑھتے حتی کہ اپنی کسی ضرورت سے متعلق بھی کہہ دیا کرتے۔
صحیح بخاری 992
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک سے مروی ہے۔ انہوں نے مخرمہ بن سلیمان سے، مخرمہ نے کریب سے روایت کی کہ حضرت ابن عباسؓ نے انہیں بتایا کہ وہ حضرت میمونہؓ کے پاس رات رہے اور وہ ان کی خالہ تھیں (کہا:) میں بچھونے کی چوڑان میں لیٹا اور رسول اللہ ﷺ اور آپؐ کی اہلیہ اس کی لمبائی میں لیٹے۔ آپؐ سو گئے، یہاں تک کہ جب آدھی رات ہوئی یا اس کے لگ بھگ تو آپؐ جاگے، اپنے چہرہ پر ہاتھ پھیر کر نیند دور کرنے لگے۔ پھر آپؐ نے سورۂ آل عمران کی دس آیتیں پڑھیں۔ اس کے بعد رسول اللہ ﷺ اُٹھ کر ایک مشکیزے کی طرف گئے جو لٹک رہا تھا۔ آپؐ نے وضو کیا۔ پھر کھڑے ہو کر نماز پڑھنے لگے۔ میں نے بھی آپؐ ہی کی طرح کیا اور آپؐ کے پہلو میں کھڑا ہوگیا اور آپؐ نے اپنا دایاں ہاتھ میرے سر پر رکھا اور میرا کان پکڑ کر ملنے لگے۔ پھر آپؐ نے دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر دو رکعتیں پڑھیں، پھر ایک رکعت پڑھی۔ اس کے بعد آپؐ لیٹ گئے۔ آخر مؤذن آپؐ کے پاس آیا۔ آپؐ نے اُٹھ کر دو رکعتیں پڑھیں، پھر آپؐ نے باہر جا کر صبح کی نماز پڑھائی۔
صحیح بخاری 993
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبداللہ) بن وہب نے مجھ سے بیان کیا، کہا: عمرو (بن حارث) نے مجھے بتایا کہ عبدالرحمن بن قاسم نے ان کو بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: رات کی نماز دو دو رکعتیں ہیں، پس جب تم نماز سے فارغ ہونا چاہو تو ایک رکعت پڑھ لو، وہ تمہاری اس نماز کو جو تم نے پڑھی ہے طاق کر دے گی۔ قاسم کہتے تھے: جب سے ہم نے ہوش سنبھالا ہے لوگوں کو تین رکعت ہی وتر پڑھتے دیکھا ہے اور ہر طرح ہی جائز ہے اور میں امید رکھتا ہوں کہ کسی میں بھی حرج نہیں۔
صحیح بخاری 994
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے مروی ہے۔ انہوں نے عروہ (بن زبیر) سے روایت کی کہ حضرت عائشہؓ نے انہیں بتایا۔ رسول اللہ ﷺ گیارہ رکعتیں پڑھا کرتے تھے۔ یہی آپؐ کی نماز تھی۔ اس سے حضرت عائشہؓ کی مراد رات کی نماز ہے۔ اس نماز میں آپؐ اتنی دیر سجدہ کرتے کہ آپؐ کے سر اُٹھانے سے پہلے تم میں سے کوئی پچاس آیتیں پڑھ لے اور فجر کی نماز سے پہلے آپؐ دو رکعتیں پڑھا کرتے تھے۔ پھر آپؐ اپنی دا ہنی کروٹ لیٹ جاتے، یہاں تک کہ مؤذن نماز کے لئے بلانے کو آپؐ کے پاس آتا۔
صحیح بخاری 995
ابو النعمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: حماد بن زید نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: انس بن سیرین نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے حضرت (عبداللہ) بن عمرؓ سے پوچھا کہ آپؓ کا کیا خیال ہے کہ میں صبح کی نماز سے پہلے دو رکعتوں میں قرأت لمبی کیا کروں۔ انہوں نے جواب دیا: نبی ﷺ رات کو دو دو رکعتیں پڑھا کرتے تھے اور ایک رکعت پڑھ کر اُن کو طاق کر لیتے۔ صبح کی نماز سے پہلے دو رکعتیں اس طرح پڑھتے کہ گویا تکبیر کی آواز آپؐ کے کان میں پڑ رہی ہے۔ حماد نے کہا: یعنی جلدی سے۔
صحیح بخاری 996
عمر بن حفص (بن غیاث) نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: اعمش نے ہمیں بتایا کہا: مسلم (بن کیسان) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے رات کے ہر حصہ میں وتر پڑھے ہیں اور آخر عمر میں آپؐ سحری کے وقت وتر پڑھا کرتے تھے۔
صحیح بخاری 997
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ (قطان) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ہشام نے ہمیں بتایا، کہا: میرے باپ (عروہ بن زبیر) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ نماز پڑھا کرتے اور میں آپؐ کے بچھونے پر آڑی سو رہی ہوتی۔ جب آپؐ وتر پڑھنا چاہتے تو مجھے جگا دیتے تو میں بھی وتر پڑھتی۔
صحیح بخاری 998
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ عبیداللہ (عمری) سے مروی ہے کہ (انہوں نے کہا:) نافع نے مجھے بتایا۔ حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) سے روایت ہے۔ انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: رات کو اپنی آخری نماز وتر رکھا کرو۔
صحیح بخاری 999
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوبکر بن عمر بن عبدالرحمن بن عبداللہ بن عمر بن خطاب سے، انہوں نے سعید بن یسار سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں حضرت عبداللہ بن عمرؓ کے ساتھ مکہ کے راستہ میں سفر کرتا تھا۔ سعید نے کہا: جب مجھے صبح ہونے کا اندیشہ ہوا تو میں نے (سواری سے) اُتر کر نماز وتر پڑھی۔ پھر ان سے جا ملا۔ حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے کہا: آپ کہاں تھے۔ میں نے کہا: صبح ہونے کا مجھے اندیشہ ہوا تو میں نے اتر کر نماز وتر پڑھی۔ حضرت عبداللہؓ نے کہا: کیا تمہارے لئے رسول اللہ ﷺ میں اسوئہ حسنہ نہیں ہے۔ میں نے کہا: بخدا کیوں نہیں۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ تو اونٹ پر سوار رہ کر وتر پڑھ لیا کرتے تھے۔
صحیح بخاری 1000
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا: جویریہ بن اسماء نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سفر میں اپنی سواری پر ہی رات کی نماز پڑھا کرتے تھے۔ آپؐ کا منہ اسی طرف ہوتا جدھر وہ آپؐ کو لے جا رہی ہوتی۔ آپؐ اشارہ سے ہی (سجدہ و رکوع) کرتے، سوائے فرض نمازوں کے اور اپنی سواری پر ہی وتر پڑھتے۔
صحیح بخاری 1001
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت انس (بن مالکؓ) سے پوچھا گیا: کیا نبی ﷺ نے صبح کی نماز میں کھڑے ہوکر دعا کی ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ پھر ان سے پوچھا گیا: کیا آپؐ نے رکوع سے پہلے دعا کی تھی؟ انہوں نے کہا: رکوع کے بعد لیکن تھوڑے دنوں تک۔
صحیح بخاری 1002
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالواحد (بن زیاد) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عاصم (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ کہا: میں نے حضرت انس بن مالکؓ سے قنوت کی بابت پوچھا۔ انہوں نے جواب دیا: قنوت ہوا کرتا تھا۔ میں نے کہا: رکوع سے پہلے یا رکوع کے بعد؟ انہوں نے کہا: رکوع سے پہلے۔ کہتے تھے: (میں نے کہا:) فلاں شخص نے آپؐ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ آپؐ نے کہا ہے: رکوع کے بعد ہوتا تھا۔ انہوں نے جواب دیا: اس نے غلط کہا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے رکوع کے بعد تو کھڑے ہو کر ایک مہینہ دعا کی تھی۔ میرا خیال ہے کہ آپؐ نے جو ستر کے قریب آدمی جو قاری کہلاتے تھے؛ مشرکوں کی ایک قوم (بنی عامر) کی طرف بھیجے، یہ وہ نہ تھے اور ان کے اور رسول اللہ ﷺ کے درمیان عہد تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے ایک ماہ ان پر بددعا کی۔
صحیح بخاری 1003
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا، کہا: زائدہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (سلیمان) تیمی سے، تیمی نے ابو مجلز سے، انہوں نے حضرت انسؓ (بن مالک) سے روایت کی، کہا: نبی ﷺ نے رِعل اور ذَکوان قبیلوں پر ایک ماہ تک بددعا کی۔
صحیح بخاری 1004
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: اسماعیل (بن عُلیّہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: خالد (حذّائ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت انس (بن مالکؓ) سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: قنوت مغرب اور فجر کی نمازوں میں ہوا کرتا تھا۔