کتاب 3: باب سُؤَالِ النَّاسِ الإِمَامَ الاِسْتِسْقَاءَ إِذَا قَحَطُوا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1008
عمرو بن علی نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابو قتیبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عبدالرحمن بن عبداللہ بن دینار نے ہمیں بتایا۔ ان کے باپ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عمرؓ کو ابو طالب کا یہ شعر پڑھتے ہوئے سنا:
اور وہ خوبرو جس کے منہ کے طفیل مینہ برسایا جاتا ہے
جو یتیموں کی پناہ اور بیوائوں کی ڈھارس ہے
صحیح بخاری 1009
اور عمر بن حمزہ کہتے تھے: سالم نے ہمیں بتایا کہ ان کے باپ سے مروی ہے کہ بسا اوقات میں کہنے والے کا یہ قول یاد کرتا اور میں نبی ﷺ کے چہرہ کو دیکھتا۔ جبکہ آپؐ برسات کے لئے دعا کرتے۔ آپؐ (منبر سے) نہ اترتے تا وقتیکہ پرنالے زور سے بہنے نہ لگ جاتے۔ اور وہ خوبرو جس کے منہ کے طفیل مینہ برسایا جاتا ہے جو یتیموں کی پناہ اور بیوائوں کی ڈھارس ہے اور یہ ابوطالب کا شعر ہے۔
صحیح بخاری 1010
حسن بن محمد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) محمد بن عبداللہ (بن مثنیٰ) انصاری نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مجھے میرے باپ عبداللہ بن مثنیٰ نے بتایا۔ انہوں نے ثمامہ بن عبداللہ بن انس سے، ثمامہ نے حضرت انسؓ (بن مالک) سے روایت کی کہ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ (کے زمانہ میں) جب لوگوں میں قحط پڑتا تو حضرت عباس بن عبدالمطلب (رضی اللہ عنہ) کے وسیلہ سے بارش کی دعا کرتے اور کہتے: اے اللہ! ہم تجھ تک اپنے نبی (ﷺ) کے وسیلہ سے پہنچا کرتے تھے اور تو ہمیں پانی پلاتا تھا۔ اب ہم اپنے نبیؐ کے چچا کے وسیلہ سے تجھ تک پہنچتے ہیں۔ ہمارے لئے مینہ برسا اور ہمیں پانی پلا۔ راوی کہتا تھا: ان کے لئے برسایا جاتا تھا۔