کتاب 6: باب الاِسْتِسْقَاءِ فِي الْمَسْجِدِ الْجَامِعِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1013
محمد (بن سلام بیکندی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابو ضمرہ انس بن عیاض نے ہم سے بیان کیا، کہا: شریک بن عبداللہ بن ابی نمر نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا کہ وہ ذکر کر رہے تھے کہ ایک شخص جمعہ کے دن مسجد نبوی کے اس دروازے سے داخل ہوا جو منبر کے سامنے تھا اور اس وقت رسول اللہ ﷺ کھڑے ہو کر خطبہ پڑھ رہے تھے۔ وہ کھڑے کھڑے رسول اللہ ﷺ کی طرف متوجہ ہوا اور کہا: یا رسول اللہ! مال مویشی مر گئے اور راستے بند ہو گئے اس لیے آپؐ اللہ سے دعا کریں کہ ہم پر مینہ برسائے۔ (حضرت انسؓ ) کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے دونوں ہاتھ اٹھا کر کہا: اے اللہ! ہمیں پانی پلا۔ اے اللہ! ہمیں پانی پلا۔ اے اللہ! ہمیں پانی پلا۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: اللہ کی قسم ہم آسمان میں نہ بادل دیکھتے تھے نہ بادل کا کوئی ٹکڑا اور نہ کوئی اور چیز اور نہ ہمارے اور سلع پہاڑ کے درمیان کوئی گھر یا مکان تھا (کہ آسمان اوٹ میں ہو) کہتے تھے: اتنے میں اس پہاڑ کے پیچھے سے ایک بدلی نمودار ہوئی، ڈھال کے برابر تھی۔ جب وہ آسمان کے وسط میں آئی تو پھیل گئی۔ پھر برسنے لگی۔ کہتے تھے: اللہ کی قسم! ہم نے ہفتہ بھر سورج نہ دیکھا۔ پھر آئندہ جمعہ کو ایک شخص اسی دروازہ سے مسجد میں آیا اور اس وقت رسول اللہ ﷺ کھڑے خطبہ پڑھ رہے تھے۔ وہ کھڑے کھڑے آپؐ کی طرف متوجہ ہوا اور کہا: یا رسول اللہ! مال مویشی مر گئے اور راستے بند ہو گئے۔ اللہ سے دعا کیجئے کہ بارش روک لے۔ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے اپنے دونوں ہاتھ اٹھا کر کہا: یا اللہ! ہمارے ارد گرد بارش ہو اور ہم پر نہ ہو۔ یا اللہ! ٹیلوں اور پہاڑوں اور ٹیکروں اور وادیوں اور درخت اگنے کے مقامات پر بارش ہو۔ (حضرت انسؓ کہتے تھے) اتنے میں بارش بند ہو گئی۔ اور ہم نکلے، دھوپ میں چلنے پھرنے لگے۔ شریک کہتے تھے کہ میں نے حضرت انسؓ سے پوچھا: کیا یہ پہلا شخص ہی تھا؟ انہوں نے کہا: میں نہیں جانتا۔