باب 13: باب إِذَا اسْتَشْفَعَ الْمُشْرِكُونَ بِالْمُسْلِمِينَ عِنْدَ الْقَحْطِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1020
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: منصور اور اعمش نے ابوالضحیٰ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ مسروق سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں حضرت ابن مسعودؓ کے پاس گیا تو انہوں نے کہا: قریش نے اسلام قبول کرنے میں توقف کیا۔ نبی ﷺ نے ان کے خلاف دعا کی تو قحط سالی نے انہیں ایسا پکڑا کہ وہ اس میں ہلاک ہوگئے اور انہوں نے مردے اور ہڈیاں کھائیں۔ ابوسفیان آپؐ کے پاس آئے اور انہوں نے کہا: اے محمدؐ: آپؐ تو صلہ رحمی کا حکم کرنے کے لئے آئے ہیں اور حالت یہ ہے کہ آپؐ کی قوم ہلاک ہوگئی ہے۔ اللہ (عزو جل) سے دعا مانگیں۔ آپؐ نے یہ آیت پڑھی: فَارْتَقِبْ یَوْمَ تَأْتِی السَّمَآئُ بِدُخَانٍ مُّبِیْنٍ۔ (خیر آپؐ نے دعا کی اور بارش ہوئی۔ قحط جاتا رہا۔) مگر پھر وہ ویسے ہی منکر ہوگئے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا تھا: (یعنی) جس دن ہم بہت بڑی گرفت کریں گے یعنی بدر کے دن۔ (ابوعبد اللہ نے) کہا: اور اسباط (بن محمد) نے منصور سے روایت کرتے ہوئے یہ بات زائد کہی کہ رسول اللہ ﷺ نے دعا کی اور ان پر بارش ہوئی اور سات روز تک بادل ان پر چھایا رہا اور لوگوں نے کثرتِ باراں کی شکایت کی تو آپؐ نے فرمایا: اے اللہ ہمارے آس پاس ہو ہم پر نہ ہو تو بدلی آپؐ کے سر سے پھٹ گئی اور ان کے ارد گرد لوگوں پر بارش ہونے لگی۔