کتاب 13: باب لاَ تَنْكَسِفُ الشَّمْسُ لِمَوْتِ أَحَدٍ وَلاَ لِحَيَاتِهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1057
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے روایت کی، کہا: قیس نے مجھے بتایا۔ حضرت ابومسعود (عقبہ بن عمرو انصاریؓ) سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: سورج اور چاند کسی کی موت اور زندگی کی وجہ سے گرہن نہیں ہوا کرتے بلکہ وہ اللہ کے نشانوں میں سے دو نشان ہیں سو جب تم انہیں گہناتے دیکھو تو نماز پڑھو۔
صحیح بخاری 1058
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہشام (بن یوسف) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری اور ہشام بن عروہ سے، ان دونوں نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے۔ وہ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں سورج گرہن ہوا تو نبی ﷺ کھڑے ہوئے اور لوگوں کو نماز پڑھائی اور لمبی قرأت کی۔ پھر آپؐ نے رکوع کیا اور بہت لمبا رکوع کیا۔ پھر سر اٹھایا۔ پھر لمبی قرأت کی اور یہ آپؐ کی پہلی قرأت سے کم تھی۔ پھر رکوع کیا اور دیر تک رکوع میں رہے اور (یہ) آپ کے پہلے رکوع سے کم تھا۔ پھر آپؐ نے سر اٹھایا اور دو سجدے کئے۔ پھر آپؐ اٹھے اور دوسری رکعت میں بھی آپؐ نے ایسا ہی کیا۔ پھر آپؐ کھڑے ہوئے اور فرمایا: سورج اور چاند کسی کی موت اور زندگی کی وجہ سے نہیں گہناتے بلکہ وہ اللہ کے نشانوں میں سے دو نشان ہیں۔ جو وہ اپنے بندوں کو دکھاتا ہے۔ سو جب تم گرہن دیکھو تو مضطرب ہو کر نماز کے لئے لپکو۔