کتاب 17: كتاب سجود القرآن
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1067
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا، کہا: غندر (محمد بن جعفر) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: شعبہ نے ابو اسحق سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا، کہا: میں نے اسود (بن یزید) کو حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے سنا کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے مکہ میں سورۂ نجم پڑھی اور اس میں سجدہ کیا اور جو آپؐ کے ساتھ تھے انہوں نے بھی سجدہ کیا، سوائے ایک بوڑھے کے۔ (یہ امیہ بن خلف تھا۔) اس نے ایک مٹھی بھر کنکریاں یا مٹی لی اور پیشانی تک اسے اٹھایا اور کہا: مجھے یہی کافی ہے۔ اس کے بعد میں نے اس کو دیکھا وہ بحالت کفر ہی قتل ہوا۔
صحیح بخاری 1068
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعد بن ابراہیم سے، سعد نے عبدالرحمن سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جمعہ کے دن فجر کی نماز میں اَلمّ تَنْزِیْلٌ السَّجْدَۃَ اور ھَلْ اَتٰی عَلَی الْاِنْسَانِ پڑھا کرتے تھے۔
صحیح بخاری 1069
سلیمان بن حرب اور ابو نعمان (محمد بن فضل) نے ہم سے بیان کیا۔ دونوں نے کہا: حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سورۃ ص (کا سجدہ) ان سجدوں میں سے نہیں ہے جن کے بارے میں تاکید ہے مگر میں نے نبی ﷺ کو اس میں سجدہ کرتے دیکھا ہے۔
صحیح بخاری 1070
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحق سے، ابواسحق نے اسود سے، اسود نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے سورۂ نجم پڑھی اور اس میں سجدہ کیا۔ لوگوں میں سے کوئی باقی نہ رہا جس نے سجدہ نہ کیا ہو۔ ان میں سے ایک آدمی نے کنکروں کی یا مٹی کی مٹھی لی اور اسے اپنے منہ تک اٹھا کر لایا اور کہا: میرے لئے یہی کافی ہے۔ (عبد اللہ کہتے تھے:) میں نے اسے بعد میں دیکھا کہ وہ بحالت کفر مارا گیا۔
صحیح بخاری 1071
مسدد (بن مسرہد) نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ایوب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے سورۃ نجم میں سجدہ کیا اور آپؐ کے ساتھ مسلمانوں اور مشرکوں، بڑوں اور چھوٹوں سب نے سجدہ کیا۔ اس حدیث کو (ابراہیم) بن طہمان نے بھی ایوب سے روایت کیا۔
صحیح بخاری 1072
سلیمان بن دائود ابوربیع نے ہم سے بیان کیا، کہا: اسماعیل بن جعفر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: یزید بن خصیفہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن قسیط سے، انہوں نے عطاء بن یسار سے روایت کی کہ عطاء بن یسار نے انہیں خبر دی۔ انہوں نے حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ سے پوچھا تو انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو سورۃ النجم پڑھ کر سنائی تو آپؐ نے اس میں سجدہ نہیں کیا۔
صحیح بخاری 1073
ہم سے آدم بن ابی ایاس نے بیان کیا، کہا: ہم سے ابن ابی ذئب نے بیان کیا، کہا: ہمیں یزید بن عبداللہ بن قسیط نے بتایا۔ انہوں نے عطاء بن یسار سے، انہوں نے حضرت زید بن ثابتؓ سے، انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کے سامنے سورۃ والنجم پڑھی۔ آپؐ نے اس میں سجدہ نہیں کیا۔
صحیح بخاری 1074
مسلم (بن ابراہیم )اور معاذ بن فضالہ نے ہم سے بیان کیا۔ دونوں نے کہا: ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحیی سے، یحیی نے ابوسلمہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کو دیکھا۔ انہوں نے سورۃ اِذَا السَّمَآئُ انْشَقَّتْ پڑھی اور اس میں سجدہ کیا۔ میں نے کہا: ابوہریرہؓ کیا میں نے آپؓ کو اس سورۃ میں سجدہ کرتے نہیں دیکھا ؟ انہوں نے کہا: اگر میں اس میں نبی ﷺ کو سجدہ کرتے نہ دیکھتا تو میں بھی سجدہ نہ کرتا۔
صحیح بخاری 1075
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ نے ہم سے بیان کیا۔ عبیداللہ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: نافع نے مجھے بتایا۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ ہم کو وہ سورۃ پڑھ کر سناتے جس میں سجدہ ہوتا۔ آپؐ بھی سجدہ کرتے اور ہم بھی سجدہ کرتے۔ یہاں تک کہ ہم میں سے کسی کو اپنی پیشانی رکھنے کی جگہ نہ ملتی۔
صحیح بخاری 1076
بشر بن آدم نے ہم سے بیان کیا، کہا: علی بن مسہر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ (عمری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سجدے کی آیات پڑھتے اور ہم آپؐ کے پاس ہوتے۔ آپؐ سجدہ کرتے اور ہم بھی آپؐ کے ساتھ سجدہ کرتے اور اتنی بھیڑ ہوتی کہ ہم میں سے کوئی سجدے کے لئے اپنی پیشانی رکھنے کی جگہ نہ پاتا جس پر وہ سجدہ کرتا۔
صحیح بخاری 1077
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا کہ (عبدالمالک) بن جریج نے ان کو خبر دی، کہا: ابوبکر (عبداللہ) بن ابی ملیکہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عثمان بن عبدالرحمن تیمی سے، عثمان نے ربیعہ بن عبداللہ بن ہدیر تیمی سے روایت کی کہ حضرت ابوبکرؓ نے کہا اور ربیعہ اچھے لوگوں میں سے تھے۔ (انہوں نے قصہ بیان کیا) جو حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ (کی مجلس) میں ربیعہ نے دیکھا تھا۔ (حضرت عمرؓ) نے جمعہ کے دن منبر پر کھڑے ہو کر سورہ النحل پڑھی۔ جب سجدہ کی آیات پر پہنچے تو وہ اترے اور انہوں نے سجدہ کیا اور لوگوں نے بھی سجدہ کیا۔ جب دوسرا جمعہ ہوا تو حضرت عمرؓ نے وہی سورۃ پڑھی۔ جب سجدہ کی آیات پر پہنچے تو انہوں نے کہا: لوگو! ہم سجدہ کی آیات سے گذرتے ہیں۔ سو جس نے سجدہ کیا اس نے اچھا کیا اور جس نے سجدہ نہ کیا اس پر کوئی گناہ نہیں اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے سجدہ نہیں کیا اور نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے اتنا زیادہ بتایا کہ اللہ تعالیٰ نے سجدۂ تلاوت فرض نہیں کیا۔ ہاں اگر ہم چاہیں (تو سجدہ کر لیں)۔
صحیح بخاری 1078
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: معتمر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے اپنے باپ سے سنا۔ انہوں نے کہا: بکر نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابورافع سے روایت کی، کہا: میں نے حضرت ابوہریرہؓ کے ساتھ عشاء کی نماز پڑھی تو انہوں نے سورئہ اِذَا السَّمَآئُ انْشَقَّتْ پڑھی اور سجدہ کیا۔ میں نے کہا: یہ سجدہ کیسا ہے؟ انہوں نے جواب دیا: میں نے اس سورۃ میں ابوالقاسم ﷺ کے پیچھے سجدہ کیا تھا۔ پس میں اس میں ہمیشہ سجدہ کرتا رہوں گا یہاں تک کہ آپؐ سے مل جائوں۔
صحیح بخاری 1079
صدقہ (بن فضل) نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جب وہ سورۃ پڑھتے جس میں سجدہ ہوتا، آپؐ سجدہ کرتے اور ہم بھی سجدہ کرتے یہاں تک کہ ہم میں سے کسی کو اپنی پیشانی رکھنے کی جگہ نہ ملتی۔