کتاب 12: باب مَنْ تَطَوَّعَ فِي السَّفَرِ فِي غَيْرِ دُبُرِ الصَّلَوَاتِ وَقَبْلَهَا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1103
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن مرہ) سے، عمرو نے ابن ابی لیلیٰ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہمیں کسی نے نہیں بتایا کہ اس نے نبی ﷺ کو چاشت کی نماز پڑھتے دیکھا ہو، سوائے حضرت امّ ہانیؓ کے جو ذکر کرتی تھیں کہ نبی ﷺ نے فتح مکہ کے دن اُن کے گھر غسل فرمایا اور آٹھ رکعتیں پڑھیں۔ میں نے آپؐ کو کبھی نہیں دیکھا کہ اس سے ہلکی نماز پڑھی ہو مگر آپؐ رکوع اور سجود پورا کرتے۔
صحیح بخاری 1104
اور لیث (بن سعد) نے کہا: یونس نے مجھے بتایا کہ ابن شہاب سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: عبداللہ بن عامر (بن ربیعہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ ان کے باپ نے انہیں بتایا کہ انہوں نے نبی ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ نے سفر میں اپنی اونٹنی کی پیٹھ پر رات کو نفل پڑھے۔ آپؐ اسی طرف منہ کئے ہوئے تھے جدھر اونٹنی آپؐ کو لئے جا رہی تھی۔
صحیح بخاری 1105
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: سالم بن عبداللہ (بن عمر) نے مجھے بتایا۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ اپنی اونٹنی کی پیٹھ پر نفل پڑھا کرتے تھے، جدھر بھی آپؐ کا منہ ہوتا۔ (رکوع اور سجدہ) سر کے اشارے سے کرتے اور حضرت ابن عمرؓ بھی ایسا ہی کرتے۔