کتاب 1: باب التَّهَجُّدِ بِاللَّيْلِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1120
قَالَ سُفْيَانُ وَزَادَ عَبْدُ الْكَرِيمِ أَبُو أُمَيَّةَ " وَلاَ حَوْلَ وَلاَ قُوَّةَ إِلاَّ بِاللَّهِ ". قَالَ سُفْيَانُ قَالَ سُلَيْمَانُ بْنُ أَبِي مُسْلِمٍ سَمِعَهُ مِنْ طَاوُسٍ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ـ رضى الله عنهما ـ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم.
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: سلیمان بن ابی مسلم نے ہمیں بتایا۔ طائوس سے مروی ہے کہ انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جب رات کو تہجد پڑھنے کے لئے اٹھتے تو فرماتے: اے اللہ سب خوبیاں تیرے لئے ہیں تو آسمانوں اور زمین کا قائم رکھنے والا ہے اور ان کا بھی جو اُن میں موجود ہیں اور سب خوبیاں تیرے ہی لئے ہیں۔ تیرے لیے آسمانوں اور زمین کی بادشاہت ہے اور جو کچھ ان میں ہے (اس کی بھی) اور تمام خوبیاں تیرے ہی لئے ہیں۔ تو آسمانوں کا نور ہے اور زمین کا نور اور سب خوبیاں تیرے ہی لئے ہیں تو آسمانوں کا بادشاہ ہے اور زمین کا اور اُن کا بھی جو ان میں موجود ہیں اور سب خوبیاں تیرے ہی لئے ہیں۔ تو ہی برحق ہے اور تیرا وعدہ سچا ہے اور تیری ملاقات بھی ضرور ہوگی اور تیری باتیں سچی ہیں اور جنت بھی حق ہے اور دوزخ بھی حق ہے اور تمام نبی سچے ہیں اور حضرت محمد ﷺ بھی سچے ہیں اور قیامت کی گھڑی بھی برحق ہے۔ اے اللہ میں نے تیرے حضور اپنی گردن ڈال دی ہے اور تجھ پر ایمان لایا ہوں اور تجھی پر میں نے بھروسہ کیا ہے اور تیری ہی طرف میں جھکا ہوں اور تیری ہی خاطر میں نے یہ جھگڑا اُٹھایا ہے اور تیرے ہی حضور فیصلہ چاہا ہے۔ میری مغفرت فرما ، اس تقدیم و تاخیر میں جو میں نے کی ہے اور اس میں بھی جسے میں نے پوشیدہ رکھا اور جس کا میں نے اظہار کیا۔ تو ہی مقدّم کرنے والا اور تو ہی مؤخر کرنے والا ہے۔ کوئی معبود نہیں مگر تو ہی یا (فرماتے:) تیرے سوا اور کوئی معبود نہیں۔ سفیان کہتے تھے اور ابو امیہ عبد الکریم (ابن ابی المخارق) نے یہ بڑھایا۔ نہ بدی سے بچنے کی طاقت ہے نہ نیکی کرنے کی قوت۔ مگر اللہ ہی کی مدد سے۔ سفیان کہتے تھے کہ سلیمان بن ابی مسلم نے کہا : انہوں نے یہ بات طائوس سے سنی۔ طائوس نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے۔