کتاب 16: باب قِيَامِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم بِاللَّيْلِ فِي رَمَضَانَ وَغَيْرِهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1147
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن ابی سعید مقبری سے، سعید نے ابوسلمہ بن عبدالرحمن سے روایت کی کہ ابو سلمہ نے ان کو خبر دی۔ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا: رمضان میں رسول اللہ ﷺ کی نماز کیسی ہوتی ؟ حضرت عائشہ ؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ رمضان اور غیر رمضان میں گیارہ رکعتوں سے زیادہ نہ پڑھتے تھے۔ چار رکعتیں پڑھتے اور ان کی خوبی اور لمبائی نہ پوچھئے۔ پھر چار رکعتیں پڑھتے اور ان کی خوبی اور لمبائی نہ پوچھئے۔ پھر تین رکعتیں پڑھتے۔ حضرت عائشہ ؓ کہتی تھیں: میں نے پوچھا: یا رسول اللہ! کیا آپؐ وتر پڑھنے سے پہلے سو جاتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: عائشہ ؓ میری آنکھیں تو سو جاتی ہیں مگر میرا دل نہیں سوتا۔
صحیح بخاری 1148
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) یحيٰ بن سعید (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میرے باپ (عروہ) نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ کہتی تھیں: میں نے رسول اللہ ﷺ کو رات کی کسی نماز میں بھی بیٹھ کر قرآن پڑھتے نہیں دیکھا۔ مگر جب آپؐ بوڑھے ہوگئے تو بیٹھ کر پڑھتے اور جب سورۃ میں سے تیس یا چالیس آیتیں باقی رہتیں تو آپؐ کھڑے ہو جاتے اور انہیں پڑھ کر رکوع کرتے۔