کتاب 18: باب مَا يُكْرَهُ مِنَ التَّشْدِيدِ فِي الْعِبَادَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1150
ابو معمر (عبداللہ بن عمرو) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عبدالعزیز بن صہیب نے ہمیں بتایا کہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ تشریف لائے۔ کیا دیکھتے ہیں کہ ایک رسی دو ستونوں کے درمیان تنی ہوئی ہے۔ آپؐ نے پوچھا: یہ رسی کیسی ہے؟ لوگوں نے کہا: یہ حضرت زینبؓ کی رسی ہے۔ جب تھک جاتی ہیں تو اس سے سہارا لیتی ہیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: نہیں۔ اسے کھول دو۔ چاہیے کہ ہر شخص تم میں سے جب تک دل لگا رہے، نماز پڑھے۔ جب تھک جائے تو بیٹھ جائے۔
صحیح بخاری 1151
(اور امام بخاریؒ نے) کہا: عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے کہا: انہوں نے مالک سے، مالک نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: بنی اسد (قبیلہ) کی ایک عورت (جس کا نام خولہ بنت تویت تھا) میرے پاس (بیٹھی ہوئی) تھی۔ رسول اللہ ﷺ تشریف لائے اور آپؐ نے پوچھا: یہ کون ہے؟ میں نے کہا: وہ عورت جو رات بھر نہیں سوتی اور اس کی نماز کا حال بیان کیا۔ آپؐ نے فرمایا: بس چپ رہو۔ اتنا ہی عمل کرو جتنا تم کر سکتے ہو۔ اللہ تعالیٰ تو نہیں اُکتاتا۔ مگر تم اُکتا جاؤ گے۔