کتاب 35: باب الصَّلاَةِ قَبْلَ الْمَغْرِبِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1183
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدالوارث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حسین (معلّم) سے، حسین نے (عبداللہ) بن بریدہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عبداللہ (بن مغفل) مزنی نے مجھے بتایا کہ نبی ﷺ سے مروی ہے کہ آپؐ نے فرمایا: مغرب کی نماز سے پہلے بھی پڑھو۔ تیسری بار یوں فرمایا: یہ اس کے لئے ہے جو (پڑھنا) چاہے۔ اس لئے کہ آپؐ ناپسند فرماتے تھے کہ کہیں لوگ اسے سنت (مؤکدہ) نہ قرار دے لیں۔
صحیح بخاری 1184
عبداللہ بن یزید نے ہم سے بیان کیا ، کہا: سعید بن ابی ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: یزید بن ابی حبیب نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے مرثد بن عبداللہ یزنی سے سنا۔ کہتے تھے: میں حضرت عقبہ بن عامر جہنیؓ (صحابی) کے پاس آیا اور میں نے کہا: کیا میں آپ کو ابو تمیم (حضرت عبداللہؓ بن مالک) کی عجیب بات نہ بتائوں؟ مغرب کی نماز سے پہلے دو رکعتیں پڑھتے ہیں۔ عقبہ نے کہا: ہم بھی رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں ایسا ہی کیا کرتے تھے۔ میں نے کہا: تو اب آپ کو کیا روک ہے؟ انہوں نے جواب دیا: مصروفیت۔