کتاب 21: كتاب العمل فى الصلاة
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1198
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مخرمہ بن سلیمان سے، مخرمہ نے حضرت ابن عباسؓ کے آزاد کردہ غلام کریب سے روایت کی کہ انہوں نے ان کو بتایا۔ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ وہ حضرت ام المومنین میمونہ رضی اللہ عنہا کے پاس رات رہے اور یہ ان کی خالہ تھیں۔ کہتے تھے: میں بچھونے کی چوڑائی میں لیٹا اور رسول اللہ ﷺ اور آپؐ کی زوجہ اس کی لمبائی میں لیٹے۔ رسول اللہ ﷺ سو رہے۔ یہاں تک کہ آدھی رات گذر گئی یا اس سے کچھ پہلے کا وقت ہوگا یا بعد کا کہ رسول اللہ ﷺ جاگے اور اُٹھ بیٹھے اور اپنے منہ پر اپنے ہاتھ پھیر کر نیند دور کرنے لگے۔ پھر آپؐ نے سورئہ آل عمران کی آخری دس آیتیں پڑھیں۔ پھر اُٹھ کر ایک مشکیزہ لیا جو لٹک رہا تھا۔ اور اس سے وضو کیا اور اچھی طرح وضو کیا۔ پھر کھڑے ہو کر نماز پڑھنے لگے۔ حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے تھے: میں اُٹھا اور میں نے بھی ویسے ہی کیا جیسے آپؐ نے کیا تھا۔ پھر میں جا کر آپؐ کے پہلو میں کھڑا ہوگیا۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنا دایاں ہاتھ میرے سر پر رکھا اور میرا دایاں کان اپنے ہاتھ سے مسلنے لگے۔ آپؐ نے دو رکعتیں پڑھیں پھر آپؐ نے دو رکعتیں پڑھیں۔ پھر آپؐ نے دو رکعتیں پڑھیں۔ پھر آپؐ نے دو رکعتیں پڑھیں۔ پھر آپؐ نے دو رکعتیں پڑھیں۔ پھر آپؐ نے دو رکعتیں پڑھیں۔ پھر ایک وتر پڑھا۔ اس کے بعد آپؐ لیٹ گئے۔ یہاں تک کہ مؤذن آپؐ کے پاس آیا اور آپؐ اُٹھے اور دو ہلکی رکعتیں پڑھیں۔ پھر باہر گئے اور فجر کی نماز پڑھائی۔
صحیح بخاری 1199
حَدَّثَنَا ابْنُ نُمَيْرٍ حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ بْنُ مَنْصُورٍ حَدَّثَنَا هُرَيْمُ بْنُ سُفْيَانَ عَنِ الأَعْمَشِ عَنْ إِبْرَاهِيمَ عَنْ عَلْقَمَةَ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ ـ رضى الله عنه ـ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم نَحْوَهُ.
(محمد بن عبداللہ) بن نمیر نے ہم سے بیان کیا، کہا: (محمد) بن فضیل نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابراہیم سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کو سلام کیا کرتے تھے۔ بحا لیکہ آپؐ نماز میں ہوتے اور آپؐ ہمیں جواب دیا کرتے۔ جب ہم نجاشی کے پاس سے واپس آئے۔ ہم نے آپؐ کو سلام کیا تو آپؐ نے ہمیں جواب نہ دیا اور آپؐ نے (نماز کے بعد) فرمایا: نماز میں بھی ایک بڑی مصروفیت ہوتی ہے۔ (محمد بن عبداللہ) بن نمیر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) اسحق بن منصور (سلولی) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ہُریم بن سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے اسی طرح روایت کی۔
صحیح بخاری 1200
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عیسیٰ (بن یونس) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے، اسماعیل نے حارث بن شبیل سے، حارث نے ابو عمرو (سعد بن ابی ایاس) شیبانی سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت زید بن ارقمؓ نے مجھ سے کہا: ہم نماز میں نبی ﷺ کے زمانہ میں باتیں کیا کرتے تھے۔ ہم میں سے کوئی اپنے ساتھی سے اپنے کام کے متعلق باتیں کرتا۔ آخر یہ آیت نازل ہوئی۔ نمازوں کی حفاظت کرو (اور اس نماز کی جو کاروبار کے درمیان ہو اور اللہ کے لیے فرمانبردار ہو کر کھڑے ہو جاؤ۔) پھر ہمیں خاموش رہنے کا حکم ہوا۔
صحیح بخاری 1201
عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدالعزیز بن ابی حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت سہلؓ (بن سعد) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ بنی عمرو بن عوف کے درمیان صلح کرانے کے لئے باہر گئے ہوئے تھے اور نماز کا وقت آگیا۔ حضرت بلال حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہما کے پاس آئے اور کہا: نبی ﷺ تو رک گئے ہیں۔ اس لئے آپ لوگوں کی امامت فرمائیں۔ انہوں نے کہا: اچھا اگر تم ایسا ہی چاہتے ہو۔ حضرت بلالؓ نے نماز کے لیے تکبیر اقامت کہی۔ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ آگے بڑھے اور نماز شروع کی۔ اتنے میں نبی ﷺ صفوں کو چیرتے ہوئے تشریف لے آئے۔ یہاں تک کہ پہلی صف میں آپؐ کھڑے ہوگئے اور لوگوں نے تصفیح شروع کردی۔ حضرت سہل نے کہا: کیا آپ جانتے ہیں تصفیح کیا ہوتی ہے؟ تالی بجانا اور حضرت ابوبکرؓ نماز میں کسی اور طرف دھیان نہیں کرتے تھے۔ جب لوگوں نے بہت تالیاں بجائیں تو انہوں نے مڑ کر دیکھا۔ تو کیا دیکھتے ہیں: نبی ﷺ صف میں ہیں۔ آپؐ نے اشارہ کیا کہ اپنی جگہ کھڑے رہیں۔ حضرت ابو بکرؓ نے اپنے دونوں ہاتھ اُٹھائے اور اللہ تعالیٰ کی حمد کی۔ پھر اُلٹے پائوں پیچھے کو ہٹے اور نبی ﷺ آگے بڑھے اور نماز پڑھائی۔
صحیح بخاری 1202
عمرو بن عیسیٰ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابو عبدالصمد عبدالعزیز بن عبدالصمد نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) حصین بن عبدالرحمن نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم نماز میں التحیات پڑھا کرتے تھے اور (لوگوں کا) نام لیا کرتے تھے اور ایک دوسرے کو سلام کرتے تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے یہ سنا تو فرمایا: یوں کہا کرو: زبان سے متعلقہ تمام عبادتیں اللہ ہی کے لئے ہیں اور بدنی عبادتیں اور مالی عبادتیں بھی (اللہ ہی کے لئے ہیں) اے نبی! تجھ پر سلامتی اور اللہ کی رحمت اور اس کی برکتیں ہوں اور سلامتی ہو ہم پر بھی اور اللہ کے نیک بندوں پر بھی۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور یہ کہ محمدؐ اس کا بندہ اور اس کا رسول ہے۔ کیونکہ جب تم نے یہ کہا تو تم نے اللہ تعالیٰ کے ہر نیک بندے کو جو زمین و آسمان میں ہے سلامتی کی دعا دی۔
صحیح بخاری 1203
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) زہری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہٗ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی اللہ ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: سبحان اللہ کہنا مردوں کے لیے ہے اور تالی بجانا عورتوں کے لئے۔
صحیح بخاری 1204
یحيٰ (بن جعفر) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے ابوحازم (سلمہ بن دینار) سے، ابوحازم نے حضرت سہل بن سعد ؓ سے روایت کی کہ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: سبحان اللہ کہنا مردوں کے لئے ہے اور تالی بجانا عورتوں کے لئے۔
صحیح بخاری 1205
بشر بن محمد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: یونس (بن یزید) نے ہم سے بیان کیا کہ زہری نے کہا: حضرت انس بن مالکؓ نے مجھے بتایا۔ پیر کے دن جبکہ مسلمان فجر کی نماز میں تھے اور حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ انہیں نماز پڑھا رہے تھے کہ اچانک نبی ﷺ ان کے سامنے آئے۔ آپؐ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے حجرے کا پردہ اٹھا کر انہیں دیکھا اور وہ صف بستہ کھڑے تھے۔ آپؐ مسکرائے اور حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ اپنی ایڑیوں کے بل پیچھے ہٹے اور خیال کیا کہ رسول اللہ ﷺ نماز کے لئے آنا چاہتے ہیں اور مسلمانوں نے جب نبی ﷺ کو دیکھا تو خوشی کے مارے اپنی نمازیں توڑنے کو ہی تھے کہ آپؐ نے اپنے ہاتھ سے اشارہ کیا کہ نماز پوری کرو۔ پھر آپؐ حجرہ میں چلے گئے اور پردہ نیچے ڈال دیا اور اسی دن آپؐ نے وفات پائی۔
صحیح بخاری 1206
لیث (بن سعد) نے کہا: جعفر (بن ربیعہ) نے مجھے بتایا۔ عبدالرحمن بن ہرمز سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ایک عورت نے اپنے بیٹے کو آواز دی جبکہ وہ اپنے عبادت خانہ میں تھا۔ کہنے لگی : اے جریج ! تو اس نے کہا: اے میرے اللہ ! میں اپنی ماں کو جواب دوں یا نماز پڑھوں؟ پھر اس عورت نے (آواز دی اور) کہا: اے جریج ! تو اس نے کہا: اے میرے اللہ ! اپنی ماں کو جواب دوں یا نماز پڑھوں؟ پھر(تیسری بار) اس عورت نے (آواز دی اور) کہا؟ اے جریج! تو اس نے کہا: اے میرے اللہ! اپنی ماں کو جواب دوں یا نماز پڑھوں؟ ماں نے بددعا کی۔ اے اللہ! جریج نہ مرے جب تک کہ وہ کنچنیوں کا منہ نہ دیکھ لے اور اس کے عبادت خانہ میں ایک گڈرنی آیا کرتی تھی جو بکریاں چرایا کرتی۔ وہ بچہ جنی تو اس سے پوچھا گیا کہ یہ بچہ کس کا ہے؟ اس نے کہا: جریج کا جو اپنے عبادت خانہ سے اُتر کر میرے پاس آیا کرتا تھا۔ جریج نے کہا: یہ عورت کہاں ہے جو کہتی ہے کہ اس کا بچہ میرا بچہ ہے؟ (جب بچہ ان کے پاس لایا گیا) تو انہوں نے (بچے سے) پوچھا؟ بچے! تیرا باپ کون ہے؟ تو اس نے جواب دیا۔ بکریوں کا چرواہا۔
صحیح بخاری 1207
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شیبان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: معَیقیب (بن ابی فاطمہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ نبی ﷺ نے اس شخص کے متعلق؛ جو جہاں سجدہ کرتا، وہاں سے مٹی برابر کرتا؛ فرمایا: اگر تم نے کرنا ہی ہے تو ایک ہی بار کرو۔
صحیح بخاری 1208
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: بشر (بن مفضل) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) غالب (قطان) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے بکر بن عبداللہ (مزنی) سے، بکر نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم گرمی کی شدت میں نبی ﷺ کے ساتھ نماز پڑھا کرتے تھے۔ اگر ہم میں سے کوئی زمین پر اپنی پیشانی نہ لگا سکتا تو وہ اپنا کپڑا بچھاتا اور اس پر سجدہ کرتا۔
صحیح بخاری 1209
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو نضر سے، ابو نضر نے ابو سلمہ سے، ابو سلمہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: میں نبی ﷺ کے قبلہ میں اپنے پائوں دراز کئے ہوتی اور آپؐ نماز پڑھ رہے ہوتے۔ جب آپؐ سجدہ کرتے تو مجھے ہاتھ سے دبا دیتے اور میں پائوں سمیٹ لیتی۔ جب آپؐ کھڑے ہوتے تو میں پائوں لمبا کر لیتی۔
صحیح بخاری 1210
محمود (بن غیلان) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شبابہ (بن سوار) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن زیاد سے، محمد نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے ایک دفعہ نماز پڑھی اور فرمایا: شیطان میرے سامنے آیا اور اُس نے مجھ پر زور سے حملہ کیا تاکہ میری نماز توڑ دے۔ اللہ تعالیٰ نے مجھے اس پر قابو دیا اور میں نے اس کا گلا گھونٹ کر اسے زمین پر پٹخا اور میں نے ارادہ کیا کہ اس کو ستون سے باندھ دوں تاکہ صبح تم اسے دیکھو۔ مگر مجھے سلیمان علیہ السلام کا یہ قول یاد آیا: { اے میرے ربّ! مجھے ایک ایسی سلطنت عطا کر کہ میرے بعد اُس پر اور کوئی نہ جچے۔ } پھر اللہ تعالیٰ نے اس کو ذلیل و خوار کرکے لوٹا دیا۔
صحیح بخاری 1211
آدم نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) ازرق بن قیس نے ہمیں بتایا، کہا: ہم اہوز میں خارجیوں سے لڑ رہے تھے اور میں ایک نہر کے کنارے بیٹھا تھا۔ اتنے میں ایک شخص آیا اور نماز پڑھنے لگا اور اس وقت جانور کی لگام اس کے ہاتھ میں تھی۔ جانور اس کو کھینچنے لگا اور وہ اس کے پیچھے چلتا گیا۔ شعبہ کہتے تھے: یہ حضرت ابو برزہ اسلمیؓ تھے تو خارجیوں میں سے ایک شخص کہنے لگا: اے اللہ! اس بوڑھے کا ناس کر۔ جب وہ بوڑھا نماز سے فارغ ہوا تو اس نے کہا: میں نے تمہاری بات سن لی ہے۔ میں نے رسول اللہ ﷺ کی معیت میں چھ سات یا آٹھ جنگیں کی ہیں اور میں دیکھ چکا ہوں جو آسانی آپؐ دیا کرتے تھے اور مجھے تو یہ بات زیادہ پسند ہے کہ میں اپنے جانور کو لے کر واپس آؤں بہ نسبت اس کے کہ اسے چھوڑ دوں کہ وہ اپنی چراگاہ میں چلا جائے اور پھر یہ بات مجھے تکلیف دیتی رہے۔
صحیح بخاری 1212
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا ، (کہا:) عبداللہ (بن مبارک) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) یونس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: سورج گرہن ہوا تو نبی ﷺ (نماز کے لئے) کھڑے ہوئے۔ آپؐ نے ایک لمبی سورۃ پڑھی۔ پھر آپؐ نے رکوع کیا اور دیر تک رکوع میں رہے۔ اس کے بعد آپؐ نے سر اٹھایا اور پھر ایک دوسری سورۃ شروع کی۔ پھر آپؐ نے رکوع کرکے یہ رکعت ختم کی اور سجدہ میں گئے۔ پھر آپؐ نے دوسری رکعت میں بھی ایسا ہی کیا۔ (نماز سے فارغ ہونے کے بعد) آپؐ نے فرمایا: یہ اللہ تعالیٰ کے نشانوں میں سے دو نشان ہیں۔ سو جب تم گرہن دیکھو تو نماز پڑھو۔ یہاں تک کہ گرہن تم سے ہٹا دیا جائے۔ میں نے اپنے اس مقام میں ہر وہ شئی دیکھ لی ہے جس کا مجھے وعدہ دیا گیا تھا۔ یہاں تک کہ میں نے یہ بھی دیکھا کہ میں جنت کا ایک خوشہ لینا چاہتا ہوں۔ یہ اس وقت کہ جب تم نے مجھے دیکھا کہ میں آگے بڑھنے لگا ہوں اور جب تم نے مجھے دیکھا کہ پیچھے کو ہٹا ہوں تو اس وقت میں نے جہنم کو دیکھا کہ اس کا ایک حصہ دوسرے کو بھسم کر رہا ہے اور اِس میں مَیں نے عمرو بن لحی کو دیکھا اور اسی نے سائبہ بنانے کی رسم ڈالی تھی۔
صحیح بخاری 1213
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے مسجد کے قبلہ میں رینٹھ (ریزشِ بینی) کو دیکھا تو آپؐ مسجد والوں سے ناراض ہوئے اور فرمایا: اللہ تم میں سے ایک کے سامنے ہوتا ہے جب وہ نماز میں ہوتا ہے۔ اس لئے وہ نہ تھوکے اور نہ ہی بلغم نکالے۔ پھر آپؐ نیچے آئے اور اپنے ہاتھ سے اسے کھرچ ڈالا۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے تھے: جب تم میں سے کوئی تھوکے تو چاہیے کہ وہ اپنی بائیں طرف تھوکے۔
صحیح بخاری 1214
محمد (بن بشار) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) غندر نے ہم سے بیان کیا۔ کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے قتادہ سے سنا۔ انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی جب نماز میں ہوتا ہے تو وہ اپنے ربّ سے مناجات کر رہا ہوتا ہے۔ اس لئے نہ اپنے سامنے تھوکے اور نہ اپنی دا ہنی طرف، بلکہ اپنی بائیں طرف یا اپنے بائیں پائوں کے نیچے۔
صحیح بخاری 1215
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا ، (کہا:) سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحازم سے، ابوحازم نے حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: لوگ نبی ﷺ کے ساتھ نماز پڑھتے اور وہ اپنے تہ بندوں کو بوجہ چھوٹے ہونے کے اپنی گردنوں پر باندھے ہوئے ہوتے اور عورتوں کو کہہ دیا جاتا کہ تم اپنے سر نہ اُٹھانا جب تک لوگ سیدھے ہو کر نہ بیٹھ جائیں۔
صحیح بخاری 1216
عبد اللہ بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا: محمد) بن فضیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ بن مسعودؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کو جبکہ آپؐ نماز میں ہوتے سلام کیا کرتا تھا اور آپؐ مجھے جواب دیتے تھے۔ جب ہم لوٹ کر آئے تو میں نے آپؐ کو سلام کیا۔ آپؐ نے جواب نہ دیا اور (بعد میں) فرمایا: نماز میں بھی ایک مصروفیت ہوتی ہے۔
صحیح بخاری 1217
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) کثیر بن شنظیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عطاء بن رباح سے، عطاء نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے اپنے کسی کام کے لئے مجھے بھیجا۔ میں چلا گیا۔ پھر میں وہ کام پورا کرکے واپس لوٹا۔ میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ کو سلام کیا۔ تو آپؐ نے مجھے جواب نہ دیا۔ میرے دل میں جو خیال آئے انہیں اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔ میں نے اپنے جی میں کہا: شاید رسول اللہ ﷺ مجھ پر ناراض ہیں۔ اس لئے کہ میں نے دیر کردی ہے۔ پھر میں نے آپؐ کو سلام کیا تو آپؐ نے مجھے جواب نہیں دیا۔ اس پر میرے دل کو پہلے سے بھی زیادہ صدمہ ہوا۔ پھر میں نے آپؐ کو سلام کیا تو آپؐ نے مجھے جواب دیا اور فرمایا: میں نماز پڑھ رہا تھا اور اسی نے مجھے جواب دینے سے روکا اور آپؐ اس وقت اپنی اونٹنی پر (سوار) تھے۔ آپؐ کا منہ قبلہ کی طرف نہیں کسی اور طرف تھا۔