کتاب 3: باب مَا يَجُوزُ مِنَ التَّسْبِيحِ وَالْحَمْدِ فِي الصَّلاَةِ لِلرِّجَالِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1201
عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدالعزیز بن ابی حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت سہلؓ (بن سعد) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ بنی عمرو بن عوف کے درمیان صلح کرانے کے لئے باہر گئے ہوئے تھے اور نماز کا وقت آگیا۔ حضرت بلال حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہما کے پاس آئے اور کہا: نبی ﷺ تو رک گئے ہیں۔ اس لئے آپ لوگوں کی امامت فرمائیں۔ انہوں نے کہا: اچھا اگر تم ایسا ہی چاہتے ہو۔ حضرت بلالؓ نے نماز کے لیے تکبیر اقامت کہی۔ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ آگے بڑھے اور نماز شروع کی۔ اتنے میں نبی ﷺ صفوں کو چیرتے ہوئے تشریف لے آئے۔ یہاں تک کہ پہلی صف میں آپؐ کھڑے ہوگئے اور لوگوں نے تصفیح شروع کردی۔ حضرت سہل نے کہا: کیا آپ جانتے ہیں تصفیح کیا ہوتی ہے؟ تالی بجانا اور حضرت ابوبکرؓ نماز میں کسی اور طرف دھیان نہیں کرتے تھے۔ جب لوگوں نے بہت تالیاں بجائیں تو انہوں نے مڑ کر دیکھا۔ تو کیا دیکھتے ہیں: نبی ﷺ صف میں ہیں۔ آپؐ نے اشارہ کیا کہ اپنی جگہ کھڑے رہیں۔ حضرت ابو بکرؓ نے اپنے دونوں ہاتھ اُٹھائے اور اللہ تعالیٰ کی حمد کی۔ پھر اُلٹے پائوں پیچھے کو ہٹے اور نبی ﷺ آگے بڑھے اور نماز پڑھائی۔