کتاب 12: باب مَا يَجُوزُ مِنَ الْبُصَاقِ وَالنَّفْخِ فِي الصَّلاَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1213
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے مسجد کے قبلہ میں رینٹھ (ریزشِ بینی) کو دیکھا تو آپؐ مسجد والوں سے ناراض ہوئے اور فرمایا: اللہ تم میں سے ایک کے سامنے ہوتا ہے جب وہ نماز میں ہوتا ہے۔ اس لئے وہ نہ تھوکے اور نہ ہی بلغم نکالے۔ پھر آپؐ نیچے آئے اور اپنے ہاتھ سے اسے کھرچ ڈالا۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے تھے: جب تم میں سے کوئی تھوکے تو چاہیے کہ وہ اپنی بائیں طرف تھوکے۔
صحیح بخاری 1214
محمد (بن بشار) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) غندر نے ہم سے بیان کیا۔ کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے قتادہ سے سنا۔ انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی جب نماز میں ہوتا ہے تو وہ اپنے ربّ سے مناجات کر رہا ہوتا ہے۔ اس لئے نہ اپنے سامنے تھوکے اور نہ اپنی دا ہنی طرف، بلکہ اپنی بائیں طرف یا اپنے بائیں پائوں کے نیچے۔