کتاب 15: باب لاَ يَرُدُّ السَّلاَمَ فِي الصَّلاَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1216
عبد اللہ بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا: محمد) بن فضیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ بن مسعودؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کو جبکہ آپؐ نماز میں ہوتے سلام کیا کرتا تھا اور آپؐ مجھے جواب دیتے تھے۔ جب ہم لوٹ کر آئے تو میں نے آپؐ کو سلام کیا۔ آپؐ نے جواب نہ دیا اور (بعد میں) فرمایا: نماز میں بھی ایک مصروفیت ہوتی ہے۔
صحیح بخاری 1217
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) کثیر بن شنظیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عطاء بن رباح سے، عطاء نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے اپنے کسی کام کے لئے مجھے بھیجا۔ میں چلا گیا۔ پھر میں وہ کام پورا کرکے واپس لوٹا۔ میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ کو سلام کیا۔ تو آپؐ نے مجھے جواب نہ دیا۔ میرے دل میں جو خیال آئے انہیں اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔ میں نے اپنے جی میں کہا: شاید رسول اللہ ﷺ مجھ پر ناراض ہیں۔ اس لئے کہ میں نے دیر کردی ہے۔ پھر میں نے آپؐ کو سلام کیا تو آپؐ نے مجھے جواب نہیں دیا۔ اس پر میرے دل کو پہلے سے بھی زیادہ صدمہ ہوا۔ پھر میں نے آپؐ کو سلام کیا تو آپؐ نے مجھے جواب دیا اور فرمایا: میں نماز پڑھ رہا تھا اور اسی نے مجھے جواب دینے سے روکا اور آپؐ اس وقت اپنی اونٹنی پر (سوار) تھے۔ آپؐ کا منہ قبلہ کی طرف نہیں کسی اور طرف تھا۔