کتاب 1: باب مَا جَاءَ فِي السَّهْوِ إِذَا قَامَ مِنْ رَكْعَتَىِ الْفَرِيضَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1224
عبد اللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) مالک بن انس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبد الرحمن اعرج سے، اعرج نے حضرت عبداللہ بن بحینہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ ہمیں کسی نماز میں دو رکعتیں پڑھا کر پھر کھڑے ہوگئے اور بیٹھے نہیں۔ لوگ بھی آپؐ کے ساتھ کھڑے ہوگئے۔ جب آپؐ نے نماز ختم کی اور ہم آپؐ کے سلام کے منتظر تھے تو آپؐ نے سلام سے پہلے اللہ اکبر کہا اور بیٹھے بیٹھے دو سجدے کئے۔ پھر آپؐ نے سلام پھیرا۔
صحیح بخاری 1225
عبد اللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا ، (کہا:) مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن سعید (انصاری) سے، یحيٰ نے عبد الرحمن اعرج سے، عبدالرحمن نے حضرت عبداللہ بن بحینہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ ظہر کی دو رکعتیں پڑھ کر کھڑے ہوگئے اور درمیان میں بیٹھے نہیں۔ جب آپؐ نماز ختم کرچکے تو آپؐ نے دو سجدے کئے۔ پھر اس کے بعد سلام پھیرا۔