کتاب 8: باب إِذَا كُلِّمَ وَهُوَ يُصَلِّي فَأَشَارَ بِيَدِهِ وَاسْتَمَعَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1233
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبداللہ) بن وہب نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عمرو (بن حارث) نے بکیر سے، بکیر نے کریب سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ حضرت ابن عباس، حضرت مسور بن مخرمہ اور حضرت عبدالرحمن بن ازہر رضی اللہ عنہم نے ان کو حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس بھیجا اور کہا: ہم سب کی طرف سے ان کو سلام کہیں اور ان سے عصر کی نماز کے بعد دو رکعتوں کی بابت پوچھیں اور ان سے کہیں: ہمیں بتایا گیا ہے کہ آپ پڑھا کرتی ہیں۔ حالانکہ ہمیں یہ حدیث پہنچی ہے کہ نبی ﷺ نے ان سے روکا تھا اور حضرت ابن عباسؓ نے کہا کہ میں حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہما کے ساتھ ہو کر لوگوں کو مار مار کر ان سے روکا کرتا تھا۔ کریب نے کہا: میں حضرت عائشہؓ کے پاس گیا اور میں نے انہیں وہ پیغام پہنچایا جس کے لئے مجھے بھیجا تھا۔ تو انہوں نے کہا: حضرت ام سلمہؓ سے پوچھو: میں ان (لوگوں) کے پاس واپس گیا اور حضرت عائشہؓ نے جو کہا تھا۔ میں نے انہیں بتایا تو انہوں نے اسی پیغام کے ساتھ مجھے حضرت ام سلمہؓ کی طرف لوٹایا؛ جس کے ساتھ مجھے حضرت عائشہؓ کی طرف بھیجا تھا۔ حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا نے کہا: میں نے نبی کریم ﷺ کو اس سے منع کرتے ہوئے سنا تھا۔ پھر میں نے آپؐ کو دیکھا کہ جب آپؐ نے عصر کی نماز پڑھ لی تو آپؐ نے یہ دو رکعتیں بھی پڑھیں۔ پھر آپؐ میرے ہاں آئے، تو اس وقت انصار میں سے بنی حرام قبیلہ کی کچھ عورتیں میرے پاس تھیں۔ میں نے آپؐ کے پاس ایک لڑکی کو بھیجا اور کہا: تم آنحضرت ﷺ کے پاس کھڑے ہو کر آپؐ سے کہنا: ام سلمہؓ آپ سے پوچھتی ہے: یا رسول اللہ! میں نے آپؐ کو ان دو رکعتوں سے منع کرتے ہوئے سنا تھا اور اب میں دیکھتی ہوں کہ آپؐ یہ پڑھ رہے ہیں۔ اگر آپؐ نے اپنے ہاتھ سے اشارہ کیا تو پیچھے ہٹ جانا۔ لڑکی نے جا کر ایسا ہی کیا تو آپ نے اپنے ہاتھ سے اشارہ کیا اور وہ پیچھے ہٹ گئی۔ جب آپؐ نماز سے فارغ ہوئے تو آپؐ نے فرمایا: ابوامیہ کی بیٹی! تو نے نماز عصر کے بعد کی دو رکعتوں کی بابت پوچھا ہے اور بات یہ ہے کہ عبدالقیس کے کچھ لوگ میرے پاس آئے تھے۔ انہوں نے مجھے مشغول رکھا۔ دو رکعتیں نہیں پڑھنے دیں جو کہ ظہر کے بعد ہوتی ہیں سو یہ وہی دو رکعتیں ہیں۔