کتاب 4: باب الرَّجُلِ يَنْعَى إِلَى أَهْلِ الْمَيِّتِ بِنَفْسِهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1245
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے نجاشیؓ کے مرنے کی خبر اُسی دن دی تھی جس دن وہ فوت ہوا۔ آپؐ عید گاہ کو گئے اور لوگوں کو صفیں بندھوائیں اور چار تکبیریں کہیں۔
صحیح بخاری 1246
ابومعمر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) ایوب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حمید بن ہلال سے، حمید نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: زیدؓ نے جھنڈا لیا۔ وہ شہید ہوئے۔ پھر جعفرؓ نے اسے لیا۔ وہ بھی شہید ہوئے۔ پھر عبداللہ بن رواحہؓ نے اسے لیا۔ وہ بھی شہید ہوئے۔ (آپؐ یہ فرماتے جاتے تھے) اور حالت یہ تھی کہ آپؐ کی آنکھوں سے آنسو بہ رہے تھے۔ پھر حضرت خالدؓ بن ولید نے اسے بغیر سردار ہونے کے لیا اور انہیں فتح ہوئی۔