کتاب 6: باب فَضْلِ مَنْ مَاتَ لَهُ وَلَدٌ فَاحْتَسَبَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1248
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) عبدالعزیز نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: لوگوں میں سے جس مسلمان کے تین بچے مر جائیں جنہیں ابھی نیکی بدی کی تمیز نہیں ہوئی تو ضرور اللہ تعالیٰ اپنی اس رحمت کے طفیل جو اُن کے لئے ہے، اس کو جنت میں داخل کرے گا۔
صحیح بخاری 1250
اور شریک نے ابن اصبہانی سے یوں روایت کی ہے۔ ابو صالح (ذکوان) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابو سعید اور حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہما سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ حضرت ابو ہریرہؓ نے یہ بھی کہا کہ جو نیکی و بدی کی تمیز کی عمر تک نہ پہنچے ہوں۔
صحیح بخاری 1251
علی (بن مدینی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے زہری سے سنا کہ سعید بن مسیب سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جس مسلمان کے تین بچے مر جائیں تو وہ آگ میں داخل نہیں ہوگا، مگر قسم پورا کرنے کے لیے۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے یہ آیت پڑھی: اور تم (ظالموں) میں سے کوئی نہیں مگر وہ ضرور اُس (جہنم) میں اُترنے والا ہے۔
صحیح بخاری 1249
مسلم (بن ابراہیم) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) ہم سے عبدالرحمن (بن عبداللہ) اصبہانی نے بیان کیا۔ انہوں نے ذکوان سے، ذکوان نے حضرت ابوسعید رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ عورتوں نے نبی ﷺ سے کہا: ہمارے لئے بھی ایک دن مقرر فرمائیں۔ چنانچہ آپؐ نے انہیں وعظ کیا۔ فرمایا: جس عورت کے تین بچے مر جائیں وہ اس کے لئے آگ سے پناہ ہوں گے۔ اس پر ایک عورت نے کہا: اگر دو (مر جائیں ؟) آپؐ نے فرمایا: تو بھی۔