کتاب 33: باب مَا يُكْرَهُ مِنَ النِّيَاحَةِ عَلَى الْمَيِّتِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1291
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سعید بن عبید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے علی بن ربیعہ سے، علی نے حضرت مغیرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: مجھ پر جھوٹ باندھنا کسی اور پر جھوٹ باندھنے کی طرح نہیں۔ جس نے مجھ پر جان بوجھ کر جھوٹ باندھا، وہ پھر آگ میں ہی اپنا ٹھکانا بنائے (اور) میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: جس پر بین کئے جاتے ہیں اس کو ان بینوں کی وجہ سے عذاب ہوتا ہے۔
صحیح بخاری 1292
تَابَعَهُ عَبْدُ الأَعْلَى حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ زُرَيْعٍ حَدَّثَنَا سَعِيدٌ حَدَّثَنَا قَتَادَةُ. وَقَالَ آدَمُ عَنْ شُعْبَةَ " الْمَيِّتُ يُعَذَّبُ بِبُكَاءِ الْحَىِّ عَلَيْهِ ".
عبدان نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے قتادہ سے، قتادہ نے سعید بن مسیب سے، انہوں نے حضرت ابن عمرؓ سے، حضرت ابن عمرؓ نے اپنے باپ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: میت کو بوجہ ان بینوں کے جو اس پر کئے گئے اس کی قبر میں عذاب ہوتا ہے۔ عبدان کی طرح عبدالاعلیٰ نے بھی یہی روایت بیان کی ہے۔ (انہوں نے کہا:) یزید بن زریع نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سعید (بن ابی عروبہ) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) قتادہ نے ہمیں بتایا۔ (یعنی سعید بن مسیب سے روایت کرتے ہوئے) آدم (ابن ابی ایاس) نے شعبہ سے یوں روایت کی۔ مردوں کو زندوں کے ان پر رونے کی وجہ سے عذاب ہوتا ہے۔