کتاب 40: باب مَنْ جَلَسَ عِنْدَ الْمُصِيبَةِ يُعْرَفُ فِيهِ الْحُزْنُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1299
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا، (کہا: ) عبدالوھاب (ثقفی) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے یحيٰ (بن سعید انصاری) سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ عمرہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے سنا۔ وہ کہتی تھیں: جب نبی ﷺ کو حضرت (زید) بن حارثہؓ، حضرت جعفر (بن ابی طالبؓ) اور حضرت (عبداللہ) بن رواحہؓ کے شہید ہونے کی خبر پہنچی تو آپؐ بیٹھ گئے۔ غم آپؐ کے چہرے سے نمایاں تھا اور میں دروازہ کی درز سے دیکھ رہی تھی۔ اتنے میں ایک شخص آپؐ کے پاس آیا اور اس نے کہا: یہ دیکھیں جعفرؓ (کے گھر) کی عورتیں اور اس نے ان کے رونے پیٹنے کا ذکر کیا تو آپؐ نے اس سے فرمایا کہ وہ ان کو روکے۔ چنانچہ وہ گیا۔ پھر آپؐ کے پاس دوبارہ آیا (کہ) انہوں نے اس کا کہا نہیں مانا۔ آپؐ نے فرمایا: انہیں روکو اور وہ تیسری دفعہ آیا۔ کہنے لگا: اللہ کی قسم! یا رسول اللہ! انہوں نے ہمیں بے بس کردیا ہے۔ حضرت عائشہؓ کا خیال ہے کہ آپؐ نے فرمایا: (اگر نہیں رُکتیں) تو ان کے منہ پر خاک ڈالو۔ میں نے اس سے کہا: اللہ تمہاری ناک خاک آلودہ کرے۔ رسول اللہ ﷺ نے تمہیں حکم دیا تھا۔ تم نے وہ بھی نہ کیا اور رسول اللہ ﷺ کو بھی تکلیف دینے سے باز نہ آئے۔
صحیح بخاری 1300
عمرو بن علی (فلاس) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) محمد بن فضیل نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) عاصم احول نے ہمیں بتایا۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: جب قاری (لوگ) شہید کئے گئے تو رسول اللہ ﷺ نے مہینہ بھر کھڑے ہو کر عاجزی سے دعا کی۔ میں نے رسول اللہ ﷺ کو نہیں دیکھا کہ آپؐ نے کبھی اس سے بڑھ کر غم کیا ہو۔