کتاب 47: باب مَتَى يَقْعُدُ إِذَا قَامَ لِلْجَنَازَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1308
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے حضرت عامر بن ربیعہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت عامرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی جنازہ دیکھے، اگر اس کے ساتھ چلے نہیں تو کھڑا ہو جائے یہاں تک کہ وہ اس کے پیچھے رہ جائے۔ یا (فرمایا:) جنازہ اس سے آگے نکل جائے یا آگے جانے سے پہلے ہی نیچے رکھ دیا جائے۔
صحیح بخاری 1309
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابوذئب کے بیٹے نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید مقبری سے، سعید نے اپنے باپ (کیسان) سے، انہوں نے کہا: ہم ایک جنازے میں تھے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے مروان کا ہاتھ پکڑا اور دونوں بیٹھ گئے، پیشتر اس سے کہ جنازہ نیچے رکھا جاتا۔ حضرت ابوسعید رضی اللہ عنہ آئے اور مروان کا ہاتھ پکڑ کر کہا: کھڑے ہوجائو۔ اللہ کی قسم! ان کو یقینا علم ہے کہ نبی ﷺ نے ہمیں اس سے منع کیا تھا۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: سچ کہا ہے۔