کتاب 54: باب الصُّفُوفِ عَلَى الْجِنَازَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1318
مسدد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) یزید بن زریع نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے سعید (بن مسیب) سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے اپنے صحابہ کو نجاشیؓ کے فوت ہونے کی خبر دی۔ پھر آپؐ آگے بڑھے اور انہوں نے آپؐ کے پیچھے صفیں باندھیں اور آپؐ نے چار تکبیریں کہیں۔
صحیح بخاری 1319
مسلم (بن ابراہیم) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ (سلیمان) شیبانی نے ہمیں بتایا۔ شعبی سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: اس شخص نے مجھے بتایا۔ جو نبی ﷺ کے ساتھ تھا کہ آپؐ ایک الگ تھلگ قبر پر آئے۔ آپؐ نے لوگوں کی صفیں بندھوائیں اور چار تکبیریں کہیں۔ میں نے کہا: اے ابوعمرو! آپ کو کس نے بتایا؟ انہوں نے کہا: حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ نے۔
صحیح بخاری 1320
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے انہیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: عطاء نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: آج حبشیوں میں سے ایک نیک آدمی فوت ہو گیا ہے۔ آئو اس کا جنازہ پڑھیں۔ (حضرت جابرؓ) کہتے تھے: ہم نے صفیں باندھیں اور نبی ﷺ نے نماز پڑھائی۔ جب کہ ہم صف بستہ تھے اور ابو زبیر نے حضرت جابرؓ سے یوں نقل کیا: میں دوسری صف میں تھا۔