کتاب 60: باب الصَّلاَةِ عَلَى الْجَنَائِزِ بِالْمُصَلَّى وَالْمَسْجِدِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1327
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید بن مسیب اور ابو سلمہ سے روایت کی۔ ان دونوں نے (ابن شہاب) کو بتایا۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے حبشیوں کے بادشاہ نجاشیؓ کے فوت ہونے کی خبر ہمیں اسی دن دی جس دن کہ وہ فوت ہوئے۔ آپؐ نے فرمایا: اپنے بھائی کے لئے دعائے مغفرت مانگو۔
صحیح بخاری 1328
اور ابن شہاب سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: سعید بن مسیب نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: نبی ﷺ نے عید گاہ میں صفیں بندھوائیں اور ان کے لئے چار تکبیریں کہیں۔ (یعنی چار تکبیروں کے ساتھ ان کا جنازہ پڑھا)۔
صحیح بخاری 1329
ابراہیم بن منذر (حزامی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابو ضمرہ (انس بن عیاض) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) موسیٰ بن عقبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ یہود نبی ﷺ کے پاس اپنے ایک آدمی اور ایک عورت کو لائے۔ جنہوں نے زنا کیا تھا۔ آپؐ نے ان سے متعلق حکم دیا اور وہ دونوں مسجد کے پاس جنازہ رکھنے کی جگہ کے نزدیک سنگسار کئے گئے۔