کتاب 72: باب الصَّلاَةِ عَلَى الشَّهِيدِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1343
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) لیث (بن سعد) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابن شہاب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمن بن کعب بن مالک سے، عبدالرحمن نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جنگ اُحد کے مقتولوں (یعنی شہدائ) میں سے دو دو آدمیوں کو ایک ہی کپڑے میں اکٹھا رکھتے۔ پھر پوچھتے ان میں سے کس کو قرآن زیادہ یاد تھا ؟ جب ان میں سے کسی ایک کی طرف اشارہ کیا جاتا تو آپؐ اس کو لحد میں پہلے رکھتے اور فرماتے: میں قیامت کے دن ان لوگوں کا گواہ ہوں اور ان کو ان کے خونوں میں ہی دفن کرنے کا حکم دیتے۔ نہ ان کو نہلایا جاتا اور نہ ان کی نماز جنازہ پڑھی جاتی۔
صحیح بخاری 1344
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) لیث (بن سعد) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) یزید بن ابی حبیب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوالخیر (یزید بن عبداللہ) سے، ابوالخیر نے حضرت عقبہ بن عامرؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ ایک دن نکلے اور آپؐ نے اُحد والوں کے لئے اسی طرح دعا کی جس طرح میت کے لئے کیا کرتے تھے۔ پھر آپؐ منبر کی طرف مڑ گئے اور فرمایا: دیکھو میں تمہارا پیش خیمہ ہوں اور میں تمہارے لئے گواہ ہوں اور میں اللہ کی قسم! اپنے حوض کو اِس وقت دیکھ رہا ہوں اور مجھے زمین کے خزانوں کی چابیاں یا فرمایا: زمین کی چابیاں دی گئی ہیں اور مجھے بخدا تمہارے متعلق خوف نہیں کہ تم میرے بعد مشرک ہو جاؤ گے، بلکہ مجھے تمہارے متعلق یہ خوف ہے کہ تم دنیا میں لگ جاؤ گے۔