کتاب 75: باب مَنْ يُقَدَّمُ فِي اللَّحْدِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1347
(محمد) بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) لیث بن سعد نے ہمیں بتایا۔ (لیث نے کہا:) ابن شہاب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمن بن مالک بن کعب سے، عبدالرحمن نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ اُحد کے شہیدوں میں سے دو دو مردوں کی ایک ہی کپڑے میں تکفین کرتے۔ پھر پوچھتے: اِن میں سے قرآن کس کو زیادہ یاد تھا؟ جب آپؐ کو ان میں سے ایک کی طرف اشارہ کرکے بتایا جاتا تو آپؐ اسے لحد میں پہلے اتارتے اور فرماتے: میں ان کا گواہ ہوں اور آپؐ نے ان کو خون سمیت دفن کرنے کا حکم دیا اور ان کی نماز جنازہ نہیں پڑھی نہ انہیں غسل دیا۔
صحیح بخاری 1348
وَقَالَ سُلَيْمَانُ بْنُ كَثِيرٍ حَدَّثَنِي الزُّهْرِيُّ حَدَّثَنَا مَنْ سَمِعَ جَابِرًا ـ رضى الله عنه.
(عبداللہ بن مبارک نے کہا:) اوزاعی نے بھی ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ (انہوں نے کہا:) رسول اللہ ﷺ اُحد کے شہیدوں کی نسبت پوچھتے: ان میں سے کس کو قرآن زیادہ یاد تھا؟ جب آپؐ کو کسی ایک آدمی کی طرف اشارہ کرکے بتایا جاتا تو آپؐ اس کو اس کے ساتھی سے پہلے لحد میں اتارتے۔ حضرت جابرؓ کہتے تھے: میرے والد اور میرے چچا ایک ہی کمبل میں کفنائے گئے۔ سلیمان بن کثیر نے یوں کہا: زہری نے مجھے بتایا۔ (کہا:) اس شخص نے مجھ سے بیان کیا جس نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے سنا۔