عرض ناشر
فرموداتِ مصلح موعود
عرض ناشر
مکرم سید شمس الحق صاحب مربی سلسلہ عالیہ احمدیہ نے 1988ء میں فضل عمر فاؤنڈیشن
کے تحت ہونے والے علمی مقابلہ کے لئے حضرت مصلح موعود کے فتاویٰ کو یکجا کرنے کا کام سرانجام
دیا۔اس کاوش پر انہیں منصفین کے جائزہ کے بعد انعام کا مستحق قرار دیا گیا تھا۔اس مجموعہ میں
بالخصوص فقہی ترتیب کوملحوظ رکھا گیا ہے اور حضور کے ان ارشادات کو بہت محنت سے مرتب کیا گیا
ہے جن کا تعلق بنیادی عقائد، عبادات، لین دین کے معاملات ، انشورنس ، سود کے مسائل ،
شادی بیاه ، رسوم و رواج ، حدود و تعزیرات وغیرہ سے ہے۔اس کی اشاعت میں بنیادی کام حوالہ جات کی از سرنو چیکنگ تھی۔چنانچہ نظارت ھذا
نے تمام حوالہ جات کو ان کے اصل ماخذ سے چیک کیا اور جہاں جہاں حوالہ درج ہونے میں
غلطی تھی اس کی تصحیح کی نیز الفاظ میں کمی بیشی کو بھی دور کیا۔نظارت ھذا نے کچھ مزید حوالہ
جات بھی اس مجموعہ میں درج کیے ہیں جنہیں اس مقالہ کے آخر میں بطور ضمیمہ شامل کیا گیا ہے۔اس مرحلہ پر محترم منصور احمد ضیاء صاحب اسٹنٹ مفتی سلسلہ نے بڑے شوق اور محنت کے ساتھ
اس کام کی تکمیل فرمائی ہے۔فجزاہ اللہ احسن الجزاء۔اس مجموعہ میں بعض حوالہ جات ” فائل مسائل دینی“ کے نام سے درج کیے گئے ہیں۔یہ فائل ان استفسارات کے جواب پر مشتمل ہے جو حضرت خلیفہ امسیح الثانی نے مختلف احباب کو
ان کے خطوط کے جواب میں بھجوائے تھے۔یہ ریکارڈ ہمیں میسر نہیں ہو سکا اس لیے جو حوالہ جات
اس فائل سے متعلقہ ہیں ان کی توثیق نہیں ہو سکی۔حضرت مصلح موعود کے یہ ارشادات بہت سے پیچیدہ علمی مسائل کو سمجھنے میں کلید کی
حیثیت رکھتے ہیں۔آپ نے نہایت مشکل مسائل کو آسان پیرایہ میں بیان کر کے ہر ایک
کے لیے ان معاملات تک رسائی آسان کر دی ہے۔اس مجموعہ میں فقہی مسائل کے متعلق حضرت
مسیح موعود علیہ السلام کے دور کی نادر روایات بھی شامل ہیں جسے آپ نے اپنے حوالہ سے
بیان کیا ہے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس مجموعہ کو جماعت کے علمی اور عملی معیار میں
اضافہ کا موجب بنائے۔آمین
ناشر